لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی میزبانی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025میں بھارت کی ہٹ دھرمی کے سبب غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ بھارت پاکستان کی میزبانی میں چیمپئنزٹرافی ہائبرڈ ماڈل پرکرانے پر بضد ہے جس کے تحت چیمپئنز ٹرافی میںبھارت اپنے میچ دبئی میںکھیلے گا جبکہ پاکستان نے بھارت کے ہائبرڈ ماڈل کی پیشکش قبول کرنے سے انکارکر دیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کیلئے اس غیر یقینی صورتحال کے دوران براڈکاسٹر اسٹار انڈیاکا چند ماہ قبل آئی سی سی کو لکھا گیا ایک خط سامنے آیا ہے جس میں بھارتی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے سے ہونے والے مالی نقصان پر روشنی ڈالی گئی ہے۔آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں واضح کیا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم شائقین میں سب سے زیادہ مقبولیت رکھتی ہے اور آئی سی سی کیلئے سب سے زیادہ ریونیو پیدا کرتی ہے، بھارتی بورڈ سکیورٹی خدشات کے سبب چیمپئنز ٹرافی 2025کے لیے پاکستان جانے سے انکاری ہے۔
آئی سی سی کو لکھے گئے خط میں بھارت کے ہائبرڈ ماڈل کی پیشکش پر پی سی بی کے انکار اور فارمولے کو رد کئے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ خط کے مطابق بی سی سی آئی نے پی سی بی کے مطالبے پر اعتراض کیا ہے، ساتھ ہی آئی سی سی کی جانب سے بھی ان مطالبات کو قبول کئے جانے کا امکان کم ہے، توقع ہے کہ آئی سی سی بھارت کے میچ پاکستان سے باہر کروانے کیلئے پی سی بی کو اضافی رقم ادا کرے گا۔
سٹار انڈیا کے خط میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹیم انڈیا آئی سی سی ٹورنامنٹ کا لازمی حصہ ہے، اگر آئی سی سی کو بی سی سی آئی اور پی سی بی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو آئی سی سی کا انتخاب بی سی سی آئی ہوگا۔ سٹار انڈیا کے خط میں اپنے موقف کی وضاحت کیلئے بتایا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے میڈیا رائٹس کی مجموعی قیمت 750ملین امریکی ڈالر ہے،اگر بھارت ٹورنامنٹ سے باہر ہو تا ہے تو آئی سی سی کو 750ملین امریکی ڈالر میں سے 90فیصد کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا جب کہ پاکستان کی غیر موجودگی سے صرف یہ نقصان صرف 10 فیصد ہوگا۔



