ڈیجیٹل ترقی ،پاکستان کرپٹو کونسل ، ورلڈ لبرٹی فنانشل میں معاہدے پر دستخط
اسلام آباد:(ویب ڈیسک )وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان کرپٹو کونسل اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے۔
معاہدوں پر دستخط کی تقریب کے موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرپٹو کونسل کا قیام عمل میں لایاجاچکا، پاکستان میں کرپٹو سے متعلق بہت موقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بہت کم وقت میں کرپٹو پر پیش رفت کی، پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش موقع ہیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کرپٹو کونسل میں وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر بلال بن ثاقب نے کا کہ ورلڈ لبرٹی فنانشل کے شریک چیئرمین کو خوش آمدید کہتے ہیں، جبکہ شریک چیئرمین ورلڈ لبرٹی فنانشل زیک ویٹکوف نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ابھرتی ہوئی معیشت ہے۔
یاد رہے کہ 7 اپریل کو بائنانس کے بانی چانگ پینگ ژاؤ کو پاکستان کرپٹو کونسل کا اسٹریٹجک مشیر مقرر کیا گیا تھا۔
وفاقی وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ دنیا میں کرپٹو معیشت کے منظرنامے کو نئی جہت دینے والے ایک تاریخی اقدام میں، بائنانس کے بانی اور ویب 3 (Web3) کے سب سے بااثر رہنماؤں میں شمار ہونے والے چانگ پینگ ژاؤ (سی زیڈ) کو باضابطہ طور پر پاکستان کرپٹو کونسل (پی سی سی) کا اسٹریٹجک مشیر مقرر کر دیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا تھا کہ وزارت خزانہ کے تحت قائم کردہ پاکستان کرپٹو کونسل اس ڈیجیٹل تبدیلی کی قیادت کر رہی ہے، سی زیڈ کی تقرری ایک جرات مندانہ نئے دور کا آغاز ہے، جہاں پاکستان سنگاپور، دبئی اور سوئٹزرلینڈ کی صف میں کھڑا ہو کر Web3 کے لیے تیار ایک ترقی پسند قوم بننے جا رہا ہے۔



