پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریںکاروبار

کاشتکاروں کو سہولیات،نوجوانوں کو باعزت روزگاردے رہے ہیں: مریم نواز

وزیر اعلیٰ کا ایگریکلچرل مال، ینگ ایگریکلچر گریجوایٹس پروگرام کے فیز ٹو کا اعلان،پاک فوج کے شہدا کو خراج عقیدت پیش

لاہور:(سلمان حسین ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ینگ ایگریکلچرگریجویٹس کے لئے منفرد پروگرام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے فیز کا آغاز کر دیا گیا۔

ینگ ایگریکلچر گریجویٹس پروگرام سے 2ہزارگریجویٹ انٹرنز کو ماہانہ 60 ہزار روپے سکالر شپ دیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت بی ایس سی ایگریکلچراور بی ایس سی (آنرز) ایگریکلچر ل انجینئرنگ کرنے والے طلبہ انٹرن شپ پروگرام کے اہل ہوں گے۔ ینگ ایگریکلچر گریجویٹس اپنے متعلقہ ضلع میں درخواست ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)کے آفس میں جمع کرواسکتے ہیں۔

بی ایس سی ایگریکلچر اوربی ایس سی ایگریکلچرل انجینئرنگ گریجویٹس کے لئے ہر ضلع کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ ایگریکلچرل انٹرن شپ پروگرام کیلئے ہیلپ لائن0800-17000 کوبھی فعال کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ایگریکلچرانٹرن شپ پروگرام سے نا صرف کاشتکاروں کی معاونت کی جاتی ہے بلکہ نوجوانوں کوباعزت روزگاربھی مل رہا ہے۔

پنجاب میں کسان کارڈ پروگرام نے کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کاشتکار بھائیوں کے لئے گرین ٹریکٹرز اور ٹیوب ویل سولرائزیشن پروگرام کامیابی سے جاری ہیں۔کاشتکاروں کو تمام سہولتیں ایک ہی چھت تلے فراہم کرنے کے لئے ماڈل ایگریکلچر مال لارہے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈوبنے سے بچاؤ کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈوبنے سے بچاؤ کا عالمی دن احتیاط تدابیر اختیار کرنے کا شعور دیتا ہے۔پانی زندگی کی علامت ہے مگر بے احتیاطی سے پانی موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ڈوبنے کے خطرے کو سنجیدگی سے نہ لئے جانے کے باعث دنیا بھر میں سالانہ لاکھوں لوگ جان گنوا دیتے ہیں۔ نہر،ندیوں، سیلابی نالوں،دریا یا سمندر میں ڈوبنے سے بچاؤ محض احتیاط سے ممکن ہے۔

حالیہ سیلابی ریلوں میں متعدد افراد کا ڈوبنا انتہائی تکلیف دہ اور پریشان کن ہے۔ پنجاب بھر نہروں، ندی نالوں جھیلوں اور دریا میں نہانے پر پابندی ہے۔ نہانے پر پابندی کیلئے وارننگ، سائن سسٹم اور مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ریسکیو 1122 ٹیمیں عوام کو ڈوبنے سے بچانے کیلئے پوری طرح متحرک ہیں۔وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو سیلابی نالوں، نہروں اور دریاؤں میں نہانے سے روکیں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے مستونگ حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر زیاد سلیم اور سپاہی ناظم حسین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ مادر وطن کے بہادر سپوتوں نے 3 بھارتی حمایت یافتہ دشمنوں کو جہنم واصل کر کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔ شہداء نے امن کی شمع اپنے لہو سے روشن کی پوری قوم شہدا کی مقروض ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button