گجرانوالہ:چچا کی فائرنگ،بھتیجے سمیت 5قتل،ملزم مقابلہ میں ہلاک
عثمان ورک، وقاص، عمران عاشق، عمر اور افضل مرنے والوں میں شامل،ایس ایچ اوزخمی،علاقہ میں خوف وہراس،ملزم آئس کا عادی تھا:سی پی اوایازسلیم
گوجرانوالہ:(نمائندہ سی این این اردوڈاٹ کام ) گجرانوالہ کے علاقے تھانہ تتلے عالی کی حدود اڑتالی ورکاں میں چچا نے فائرنگ کر کے بھتیجےسمیت 5افراد کو قتل کردیا ملزم بھی پولیس مقابلہ میں مارا گیا ۔
ملزم عمران شیرو نے معمولی تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں میں 28 سالہ عثمان ورک، 28 سالہ وقاص، 40 سالہ عمران عاشق، 18 سالہ عمر اور افضل شامل ہیں۔ علاوہ ازیں زخمی ہونے والے شخص کی شناخت گن مین سلمان کے طور پر ہوئی ہے جو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں میں عثمان ورک کا ایک گن مین اور قریبی دوست بھی شامل ہیں۔
بعد ازاں تتلے عالی کے علاقے میں 5 افراد کا قاتل ملزم عمران شیرو پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا جب کہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ مقابلے کے دوران ایس ایچ او تتلے عالی صفدر عطا بھٹی بھی گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ملزم قتل کے بعد اپنے ساتھی کے ساتھ قریبی اسکول میں چھپا ہوا تھا، جس نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی اور اس دوران دوطرفہ فائرنگ کے دوران ملزم مارا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ایس پی صدر سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور لاشوں و زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
قبل ازیں واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او گجرانوالہ سے فوری رپورٹ طلب کی اور سی پی او گجرانوالہ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
سی پی او محمد ایاز سلیم نے بتایا کہ ہلاک ملزم شیرو آئس کے نشے کا عادی ہے، ملزم کی مقتولین کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رنجش یا دشمنی نہ تھی اور معاشرے میں امن و امان کا قیام اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔



