پاکستان کا امارات کو جیت کیلئے 147رنز کا ہدف
لاہور:(سلمان حسین)ایشیا کپ کے 10ویں میچ میں پاکستان نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 147 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک بار پھر لڑکھڑا گیا، تاہم فخر زمان کی شاندار ففٹی اور شاہین شاہ آفریدی کے برق رفتار 29 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کی بدولت پاکستان ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
آؤٹ آف فارم صائم ایوب ایک بار پھر صفر پر آؤٹ ہو گئے، اوپنر بلے باز کا ایشیا کپ میں یہ مسلسل تیسرا ’صفر‘ ہے۔
ٹاپ آرڈر بلے باز صاحب زادہ فرحان 5 اور کپتان سلمان علی آغا 20 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے ہیں جبکہ حسن نواز صرف 3 رنز ہی بنا سکے۔
اوپنر بیٹر فخر زمان نے 36 گیندوں پر 50 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سمرنجیت سنگھ کا شکار بنے۔
اس سے قبل، پاکستان اور یو اے کے درمیان ایشیا کپ کا یہ میچ ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے میچ ریفری کو ہٹانے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ساتھ مذاکرات کے باعث میچ میں تاخیر ہوئی۔
ٹاس کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ سچ پوچھیں تو ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، ہمارے لیے یہ ایک بہترین کھیلنے کا دن ہے، اس کی وجہ یہ نہیں ہے کہ متحدہ عرب امارات کمزور حریف ہے بلکہ ہماری توجہ اپنے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، سفیان مقیم اور فہیم اشرف آج میچ نہیں کھیل رہے۔
پاکستان ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان، حسن نواز، محمد نواز، محمد حارث (وکٹ کیپر)، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد
متحدہ عرب امارات کی میں یہ کھلاڑی شامل ہیں، محمد وسیم (کپتان)، عالیشان شرفو، آصف خان، محمد زوہیب، ہرشیت کوشک، راہل چوپڑا، دھرو پراشر، حیدر علی، سمرنجیت سنگھ، جنید صدیق، محمد روہید



