امریکہ،ایران لڑائی میں توسیع،ٹرمپ شدید الجھن کا شکار
فوجی کارروائی مختصر ہونے کا کہا گیا لیکن یہ طول پکڑ گئی،توانائی کی عالمی منڈیاں غیر مستحکم،سفارتی کوششیں بھی کمزور پڑ رہی ہیں

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق امریکہ اور ایران ایک وسیع تر عسکری محاذ آرائی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔ یہ پیشرفت جنگ کو روکنے کی آخری کوششوں کے خاتمے کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ پانچ دنوں کے دوران ایران کی جانب سے اردن کو چوتھی بار نشانہ بنایا گیا ہے، جو خطے میں امریکی فوج کے سب سے اہم میزبان ملک کے طور پر اردن کی تزویراتی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔
اخبار نے مزید لکھا کہ حالیہ پیشرفت صدر ٹرمپ کیلئے ایک مشکل صورت حال پیدا کر رہی ہے کہ وہ اس جنگ کو کیسے سنبھالیں جس کا آغاز انہوں نے ساڑھے چار ماہ قبل اسرائیل کے ساتھ مل کر کیا تھا۔صدر ٹرمپ نے بارہا یہ وعدہ کیا تھا کہ یہ عسکری مہم مختصر اور فیصلہ کن ہوگی لیکن جنگ کئی ماہ تک طول پکڑ چکی ہے، جس سے عالمی توانائی کی منڈیاں غیر مستحکم ہوئی ہیں اور تاحال ایران کو اپنے جوہری پروگرام سے باز رکھنے میں کامیابی نہیں ملی ہے۔
دونوں جانب سے حملوں کے دائرہ کار میں توسیع کے باوجود لڑائی ختم کرنے کیلئے سفارتی کوششیں بحال ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔



