غزہ:صیہونی فوج کی بمباری،ایک ہی خاندان کے 4افرادسمیت 13فلسطینی شہید
غزہ شہر میں رہائشی اپارٹمنٹ پر فضائی حملہ کیا گیا، عمارت مکمل زمیں بوس، البریج کیمپ کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا
غزہ :(ویب ڈیسک) صیہونی فوج نے غزہ پر فضائی حملوں کی نئی لہر شروع کی ہے جس میں بچے کھچے گھروں اور عوامی مقامات پر جمع فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز غزہ شہر میں رہائشی اپارٹمنٹ پر صیہونی فوج نے بم برسائے جبکہ البریج پناہ گزین کیمپ پر 2 ڈرون حملے کیے جن میں دو بچوں سمیت 10فلسطینی شہید ہو گئے۔ فضائی حملے میں رہائشی اپارٹمنٹ تباہ ہو گیا جبکہ قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ ایک خاندان کے 4افراد حملے میں شہید ہو گئے، اس خاندان کا واحد زندہ بچ جانے والا فرد ایک بچہ ہے جو حملے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھا۔
الشفا اور الاہلی ہسپتال کے عملے نے بتایا کہ غزہ شہر کے نواحی محلے زیتون پر صیہونی فوج نے گولہ باری کی جس میں 3فلسطینی شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت عمارت کا ملبہ ہٹایا اور شہدا کے جسد خاکی باہر نکالے، جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔



