باپ کے تشددسے 3سالہ بیٹی جاں بحق،لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں9افراد قتل
فیصل آباد میں شوہر نے بیوی ،پتوکی میں دوست نے دولہا کے چچا کو مارڈالا، نورپور تھل میں جائیداد کےتنازع پر فائرنگ،نوجوان قتل،18زخمی
فیصل آباد،لاہور(بیوروچیف،نمائندگان)دو افراد نے ایک دوسرے کو خنجروں کے وار کر کے قتل کر دیا، بتایا گیا ہے کہ 18سالہ محمدریحان اور 45سالہ سیف اﷲ کی خون میں لت پت لاشیں چک85پی سیم نالہ میں پائی گئیں، محمد ریحان بستی غوث پور کارہائشی جبکہ سیف اﷲ گوجرانوالہ کا رہائشی تھا۔
پولیس نے بتایا کہ دونوں خنجرسے لیس تھے اور ایک دوسرے پر وار کیے۔بعدازاں پولیس نے مقتول محمدریحان کے والد حسن محمود کی مدعیت میں مقتول سیف اﷲ وغیرہ کے خلاف قتل کامقدمہ درج کرلیا۔ ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے دوہرے قتل کی واردات کا نوٹس لیتے ہوئے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔
فیصل آباد میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے گلا دبا کر بیوی کو قتل کر دیا، تھانہ سٹی تاندلیانوالہ کے علاقے 425گ ب کی رہائشی نصرت بی بی نے بتایا کہ اس کی بیٹی شازیہ کی شادی کچھ عرصہ قبل امیر علی سے ہوئی تھی، دونوں میں اکثر جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز تلخ کلامی پر شوہر امیر علی نے گلا دبا کر شازیہ کو قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔
تھانہ ٹھیکری والا کے علاقے 275ج ب میں مخالفین آصف اور منور نے پرویز کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، اہل علاقہ نے بیچ بچاؤ کرایا۔پتوکی کے علاقے تارا گڑھ میں مہندی کی تقریب میں دولہے اشفاق کے دوست عامر نے معمولی تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے دولہے کے چچا مختیار کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
تھانہ سرائے مغل پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئےتحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال پتوکی منتقل ر دیا جبکہ مقتول کے بھائی علی حسنین کی مدعیت میں عامر کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔سرگودھا کے علاقے نورپور تھل میں وراثتی جائیداد کے قبضے کے معاملے میں تصادم ہوا جس میں ایک نوجوان محمد عارف جاں بحق ہو گیا جبکہ 18افراد زخمی ہوگئےزخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔
جڑانوالہ میں معمولی جھگڑے پرمسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کر دیا،تھانہ ٹھیکریوالہ کے علاقے 65ج ب کے رہائشی وقاص نے بتایا کہ اس کے بھائی کاشف گجرکاملزموں مجاہد وغیرہ سے کسی بات پر جھگڑا ہوا تھا، کاشف ڈیرے پر جا رہا تھا کہ ملزموں مجاہد، حنان اور حمزہ وغیرہ نےاسے راستے میں روک کر فائرنگ کر دیاور دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے،زخمی کاشف موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
لاہور کے علاقے تھانہ لیاقت آباد کی حدود میں معمولی تلخ کلامی پر بہنوئی نے چھری کے وار کر کے 25سالہ بلال کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا، زخمی بلال کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔
ڈی جی خان کے علاقے گندہ کھوہ میں باپ کے تشدد سے 3 سال کی بیٹی دم توڑ گئی، ملزم نے بیوی اور دوسری بیٹی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزم نشے کا عادی ہے جو قتل کے بعد فرار ہوگیا۔
چکوال میں دوالمیال کے علاقے میں دو دوستوں کے درمیان معمولی تلخ کلامی جان لیوا بن گئی، ملک شعبان اورحسن رضا نے ملک گوہر رحمان کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ ڈی پی او چکوال احمد محی الدین نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزموں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی، پولیس نے گرفتاری کیلئےٹیم تشکیل دے دی ہے۔



