جنات کے مختلف روپ، جادوگر کیلئےناپاک رہنا ضر وری(دوسری قسط)
لاہور،(رپورٹ،محمد قیصر چوہان)شیاطین کی تعریف کی جاتی ہے کوا کب و نجول کی عبادت کی جاتی ہے۔ جادو گر ہروہ کام کرتا ہے جن سے اللہ تعالیٰ ناراض ہوتے اور شیاطین خوش ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ عام طور پر گندے اور ناپاک رہتے ہیں۔ دراصل جادو، جادوگر اور شیاطین کے درمیان ہونے والے ایک معاہدے کا نام ہے۔ شیاطین کو راضی کرنے اور اس کا تقرب حاصل کرنے کیلئے جادو گروں کے مختلف شیطانی اعمال اور ناپاک وسائل ہیں۔ کچھ ہمیشہ ناپاک رہتے ہیں اور کچھ جادوگروں کو شیاطین کے لیے جانور ذبح کرنے پڑتے ہیں وہ بھی بسم اللہ پڑھے بغیر اور ذبح شدہ جانور کو ایسی جگہ پھینکنا پڑتا ہے جسے شیاطین خود طے کرتے ہیں۔ بعض جادو گر ستاروں کو سجدہ کرتے ہیں اور ان سے مخاطب ہوتے ہیں۔
اس سے معلوم ہوا کہ شیاطین جادوگروں سے پہلے کوئی حرام کام کرواتے ہیں پھر اس کی مدد اورخدمت کرتے ہیں۔اسی لیے کہا گیا ہے کہ جادو گر نجاست کا پلند ہ ہوتا ہے۔ جب تک وہ گندہ نہیں ہو گا اس وقت تک اس کا جادو اثر انداز نہیں ہوگا۔ یہاں تک کہ جتنازیادہ عقیدہ اس کا غلط ہو گا، کفر زیادہ ہو گا، اتنا اس کا جادو موثر ہو گا اور جتنی اس کی گندی حالت ہو اس کا جادو تیز ہو گا، کیونکہ جادو شیطانیت اور شرارت کا اثر ہے جس وقت اس کی شرارت عروج کو پہنچے گی اتنا ہی اس کاجادو بھی تیز ہو گا۔
جن، شیطان اور جادو کے درمیان بہت گہرا تعلق ہوتا ہے بلکہ جادو کی بنیاد ہی جنات اور شیاطین ہیں۔ جس طرح کچھ لوگ جادو کا انکار کرتے ہیں اسی طرح کچھ لوگ جنات کے وجود سے بھی انکار کرتے ہیں قرآن مجید کو ترجمہ کے ساتھ پڑھیں: اس میں حضرت سلیمان علیہ السلام کا جنوں پر حکومت کرنے کا ذکر تفصیل سے آیا ہے۔
قرآن مجید کی ایک مکمل سورت ”سورةالجن“ میں بھی جنات سے متعلق بیان ملتا ہے۔قرآن و سنت کے مطالعہ سے پتا چلتا ہے کہ جنات انسانوں کے جسم میں بھی داخل ہوتے ہیں۔ جنات مختلف انسانوں اور جانوروں کا روپ دھار کر انسانوں کے سامنے آتے ہیں۔ جانوروں کی شکل میں اکثر کالی بلی، بکرے کا بچہ، سیاہ کتا، بطخ، بچوں کو لے کر پھرنے والی مرغی، بھینس، لومڑی، انسانوں کی شکل میں، معمولی قد کے آدمی، بونے، بڑے لمبے قد کے آدمی، بڑے بڑے میناروں اور کھمبوں کی طرح دراز قد نظر آتے ہیں۔ بعض لوگوں کو چھوٹے بچوں کی شکل میں بھی نظر آتے ہیں۔ قرآن مجید میں جادوکی تعلیم کو کفر اور جادو سیکھنے کو حرام قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان کے مختلف علاقوں میں ایک منظم ”کالا جادو مافیا“ کام کررہاہے۔ دوسری طرف جادو نگری کی چوکھٹوں پر بعض ضعیف الاعتقاد مسلمان مرد اور خواتین، جادو کی تباہ کاریوں اور اپنے برے انجام سے غافل ہو کر جائز اور ناجائز کاموں کیلئے چکر کاٹتے صاف نظر آئیں گے، ملک کے بڑے شہروں کراچی ،حیدر آباد ،سکھر،ملتان،لاہور،فیصل آباد،راولپنڈی کی بسوں،دیواروں اور پلوں پر ہندو اور بنگالی عاملوں کے چلتے پھرتے اشتہارات دکھائی دیتے ہیں جن میں ان عاملوں کے دعوے کے مطابق، کسی شخص یا عورت کی مکمل ”کایا پلٹ“ کی جاسکتی ہے۔
ہر تمنا پوری ہو گی ،مشکل کیسی بھی دور ہو گی ،ہر کام گارنٹی کے ساتھ، صرف ایک رات کے عملیات سے آپ کی پریشانی کا گارنٹی سے مکمل خاتمہ۔ہمارا علم دنیا کے ہر کونے میں اثر کرتا ہے، جہاں کسی کا علم نہیں جاتا۔ عرصہ 20 سال سے کالے و سفلی و علم جفر کے بے تاج بادشاہ عامل نجومی بابا کا چیلنج۔ تعویز کا اثر چند گھنٹوں میں۔پہلا تعویز آپ کی کایا پلٹ سکتا ہے۔ ہر پریشانی کا حل۔ کاروباری بندش، پسند کی شادی، گھریلو ناچاقی، جادو ٹونہ، جن بھوت کا سایہ، بیرونی ملک کا سفر، اولاد کی بندش، تعویزات کا اثر، میاں بیوی کی ناراضگی، رشتوں کی بندش، ناممکن کو ممکن بنائیں، جو چاہیں سو پائیں، آج کی آج آزمائیں۔
روحانی علاج ومشورے کالے سفلی علم کی کاٹ کے ماہر، تمام مسائل کا فوری یقینی اور گارنٹی کے ساتھ روحانی علاج، پہلی ملاقات میں پریشانی ختم، پرانے تجربہ کار، ماہر علم رمل، ماضی، حال، مستقبل، کیا پریشانی ہے؟ کب تک رہے گی؟ اس کا حل کیا ہے؟ پھر بتائیں گے آج ہی ملیں۔ کامل بابا، بنگال کا چیختا چنگھاڑتا کالا جادو، میرے آگے جادو ٹونہ بولتا ہے، ماسٹر آف دا بلیک میجک، ہر طرف خوشیاں ہی خوشیاں۔تہلکہ! چٹ منگنی پٹ بیاہ، والدین کی دہلیز پر مرجھائی ہوئی کلیاں کیوں؟ جہیز بھی ہو زیور بھی ہو۔ پسند کا محبوب نہ ہو تو سب بیکار ہے۔ ہر مسئلہ کا حل ایک منٹ سے 9منٹ کے اندر۔ پیر صاحب کی کامیاب چلہ کشی کا کرشمہ رابطہ شاہ صاحب۔ الحاج پیر کامل، لندن، امریکا، آسٹریلیا، فرانس، بنگال، انڈونیشیا، سعودی عرب کے کامیاب دورے کے بعد اب آپ کے شہر میں۔
چیلنج! نفرت محبت میں بدل جائے گی۔ تفکرات سے بے نیاز ہوکر زندگی بسر کریں۔ میرا پاکستان کے تمام بڑے بڑے دعوے کرنے والے نام نہاد علم سے ناواقف، غیرمستند، اَن کوالیفائیڈ، جعلی عاملوں، پروفیسروں کو کھلا چیلنج! جو میرے تعویز کی کاٹ کرسکے پچاس ہزار روپے انعام حاصل کرے۔روحانی معالج، جوابی لفافہ کے ساتھ لکھیں۔
ہر قسم کی پریشانی کا حل ایک گھنٹے میں گارنٹی کے ساتھ۔ گھر بیٹھے بٹھائے، برصغیر پاک و ہند کے مایوس اور ٹھکرائے ہوئے حضرات کے لیے کھلا پیغام! جو لاکھوں برباد کرکے ابھی تک عاملوں کے در پر چکر لگارہے ہیں۔ میرے آبائواجداد کے بخشے ہوئے علم سے فائدہ اٹھائیں۔ بھارت، ڈھاکہ، جاوا، سماٹرا، یونان، مصر، شام اور انڈونیشیا میں رہ کر علم نجوم و عملیات کا نچوڑ۔ فائدہ اٹھائیں۔ پریشانی کیسی ہی کیوں نہ ہو۔ پہلی فرصت میں ملاقات کریں۔ حقیقت میں مایوسی کے بادل چھٹ جائیں گے۔ عالمی شہرت یافتہ گولڈ میڈلسٹ روحانی ڈاکٹر و اسکالر شاہ جی سے ملاقات کریں۔ اسم اعظم کا کرشمہ، تنگی رزق و معاشی پریشانی کا علاج، روحانی و جسمانی آسٹرو پامسٹ سے ملیں۔
وقت کے ساتھ ساتھ جیسے حق کی قوتیں کام کرتی رہیں ویسے ہی بدی کی طاقتیں بھی اپنا اثرورسوخ بڑھاتی رہیں ،حق کے ماننے والے نوری علم سے جہاں پر لو گوں کے مسائل حل کرنے میں لگے ہوئے ہیں اور قرآن کی تعلیم کے ذریعے انہیں ذہنی آسودگی دیتے ہیں وہاں پر بدی کا ساتھ دینے والے شیطانی علوم سے عوام الناس کو مختلف مصائب میں مبتلا کرتے رہتے ہیں۔
یہ لوگ نہ صرف کالے علم کی مختلف اقسام جیسے جنتر، منتر اور تنتر سے لوگوں کے دلوں میں وسوسے ڈال کر گمراہ کرتے ہیں بلکہ گندی روحوں ، موکلوں اور د یگر کالی شکتیوں جیسے ہنومان ،کھیترپال ،بھیرو، ناگ دیوتا ، لوناچماڑی، چڑیل، لکشمی دیوی ، کالا کلوا ، پاروتی دیوی ، کلوسادھن، پچھل پیری ،ڈائن ،ہر بھنگ آکھپا جیسی دیگر بلاﺅں کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں وسوسے ڈال کر ایک دوسرے کا مخالف بنا دیتے ہیں اور اس کے عوض ان سے ہزاروں روپے بٹورتے ہیں جبکہ بعض چالباز اور دولت کے پجاری عامل زہر سے لکھ کر تعویز دیتے ہیں جس کو گھول کر پینے والا نہ صرف مختلف قسم کی بیماریوں میں مبتلا ہو جاتا ہے بلکہ بسااوقات ہلاک ہو جاتا ہے اور بعض اوقات زہر کے اثر کی وجہ سے پاگل ہوجاتاہے اور بعض اوقات عالم دیوانگی میں خود کشی کر کے ہلاک ہوجاتا ہے۔
لاہور،کراچی ، حبدر آباد ،سکھر ،ٹھٹھہ ،ملتان ،فیصل آباد ، جہلم، سیالکوٹ ، راولپنڈی ،پشاور سمیت ملک کے دیگر شہروں کاکوئی ایسا محلہ ،گلی ،بازار یا علاقہ نہیں ہے کہ جہاں پر کالے علم کے ذریعے کام کرنے والے جادوگر موجود نہ ہوں۔ معاشی ،سماجی اور گھریلو حالات سے پریشان ہو کر لوگ ان کے پاس چلے جاتے ہیں اور ان کی چکنی چپڑی باتوں میں آ کر اپنا سب کچھ حتی کہ دین اور ایمان بھی گنواءبیٹھے ہیں جبکہ عورتیں گھریلو جھگڑوں جیسے شوہر بیوی کی ناچاقی ، ساس سسر کا مسئلہ، نندوںکے طعنوں سے تنگ آ کر ان کے پاس جاتی ہیں جن میں سے اکثر اپنی عزت بھی گنواءدیتی ہیں۔
یہ کالے جادوگر لوگوں کو اپنی طرف راغب کرنے کیلئے بلند وبانگ دعوے کرتے ہیں اور خود کو عاملوں کا سردار ،جنات کا بادشاہ ،موکلوں کامالک اور زندہ پیر کامل اور جنات والے ظاہر کرتے ہیں اور اپنا تعلق بنگال،کیرالا، کالی گھاٹ ،تبت، نیپال اور سندر کے ہندو پجاریوں سے ملاتے ہیں جبکہ بعض جعلی عامل پرائز بانڈ کا نمبر دینے کا دھندا بھی کرتے ہیں اور لوگوں کو دھوکہ دیکر ان سے ہزاروں روپے بٹور لیتے ہیں جبکہ بعض فراڈیوں نے اپنے ڈیروں پر ایسے مرد اور عورتیں ملازم رکھی ہوئیں ہیں جو ضروت مندوں کا ورغلا کر لاتے ہیں یہ لوگ مجبوروں سے پیسے بٹور کر ان سے کام ہونے کے عوض ایسی ایسی شرائط بھی رکھ دیتے ہیں جو ناممکن ہوتی ہیں ان لوگوں کی وجہ سے آج ہر دسواں گھر نت نئے مسائل میں مبتلا ہو چکا ہے اور معاشرے میں کفر اور شرک پھیلانے کا سبب بھی بن رہے ہیں ان کا خلاف آج تک کبھی کسی مذہبی یا سماجی تنظیم نے کوئی آواز بلند نہیں کی اور نہ ہی کسی سرکاری ادارے نے کوئی کاروائی کی لوگ ان کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں اور لٹتے ہیں گئے۔
دریں اثنا کالے جادو کے حوالے سے پہلی قسط19اگست2025 بروزبدھ ناظرین کی خدمت میں پیش کی جاچکی ہے جس کوwww.cnnurdu.comپروزٹ کیا جاسکتا ہے آج 20اگست 2025بروز بدھ اس سلسلے کی دوسری قسط پیش کی جارہی ہے۔
نوٹ:سی این این اردوڈاٹ کام کا لکھاری اور نیچے دیئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔



