جنگی جنون: مودی کی فرانس سے نئے معاہدے کی کوشش
آپریشن سندور میں رافیل کی تباہی کے باوجود مزید طیارے خریدنے کا عمل شروع
نئی دہلی (ویب ڈیسک) رافیل طیاروں کی ناکامی کے باوجود جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار کی فرانس سے معاہدے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق پاکستان بھی رافیل طیارے لینے میں دلچسپی رکھتا تھا لیکن بھارت یہ طیارے پہلے لینے میں کامیاب ہوگیا تو پاکستان نے نئی راہیں تلاش کرنا شروع کر دیں اور یہ طیارے نہ لینا پاکستان کیلئے خوش قسمتی ثابت ہوگئی۔ آپریشن سندور میں رافیل کی شہرت کے دعوئوں کے بعد بدترین تباہی نے بھارتی فضائیہ کا پول کھول دیا۔
پاکستانی فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی رافیل طیاروں کی ناکامی کے باوجود مودی سرکار کی معاہدے کی کوشش غیر منطقی اقدام ہے۔ بھارت کی مزید رافیل طیاروں کی تیاری کے لیے فرانس سے معاہدہ کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق آپریشن سندور کے بعد بھارت نے سکواڈرن کی کمی پورا کرنے کے لیے مزید رافیل طیارے خریدنے کا عمل شروع کر دیا۔ ہندوستانی فضائیہ نے حکومتی سطح پر فرانس کے ساتھ معاہدے کی بھرپور حمایت کی ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی دفاعی منصوبے MRFAکے تحت رافیل لڑاکا طیارے غیر ملکی تعاون سے بھارت میں تیار کرنے کی کوشش جاری ہے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق بھارتی فضائیہ دو ماہ میں دفاعی حصولیاتی کونسل سے ابتدائی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، سکواڈرن کی تعداد 29تک کم ہونے کے پیش نظر، بھارتی فضائیہ اس معاملے میں فوری کارروائی کر رہی ہے۔ پیشہ ورانہ صلاحیت کی کمی کے باوجود بھارتی فضائیہ مہنگے طیاروں پر سرمایہ لگا رہی ہے۔
آپریشن سندور میں پاک فضائیہ کے جے۔10Cنے رافیل اور SU ۔30ایم کے آئی کے خلاف برتری ثابت کی۔ ہندوستانی فضائیہ کا MRFAمنصوبے کے تحت مزید رافیل طیارے خریدنا محض مہنگی خود فریبی ہے۔ آپریشن سندور نے بھارتی فضائیہ کے کرپٹ، سیاسی اثر و رسوخ کی زد میں ہونے کے ساتھ پیشہ ورانہ کمزوری کو ثابت کر دیا۔
فضائی لڑائیاں محض جدید ہتھیاروں سے نہیں بلکہ پائلٹس کی پیشہ ورانہ مہارت اور تربیت سے جیتی جاتی ہیں۔ بھارتی افواج کی قیادت سیاسی سفارشات، ہندو توا کے نعروں اور رشوت کے کھیل میں الجھی ہوئی ہے۔ مودی کا آر ایس ایس بیانیے پر مشتمل جنگی جنون حقیقت میں ہر بار بھارت کو شرمناک شکست سے دوچار کرتا ہے۔



