لاہور:(بیوروچیف) لاہور پولیس کی اسپیشل برانچ نے شہر کے ہسپتالوں میں ادویات کی قلت سے متعلق تحقیقات شروع کردیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی اور سہولتوں کے فقدان پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پولیس کی سپیشل برانچ کو ادویات کی انسپکشن کا ٹاسک سونپ دیا۔سپیشل برانچ نے ہسپتالوں سے ادویات اور سہولتوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنا شروع کردیں۔سپیشل برانچ کے متحرک ہونے کے بعد ہسپتالوں کی انتظامیہ پریشان ہے اور ریکارڈ کی درستی کا عمل شروع کردیا۔
سپیشل برانچ کا عملہ پروفیسرز اور سینیئر ڈاکٹرز کی حاضری کا ریکارڈ بھی اکٹھا کررہا ہے ،مریضوں اور لواحقین سے بھی تفصیلات طلب کی جا رہی ہیں۔سپیشل برانچ جلد وزیر اعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی اور وزیراعلیٰ انسپکشن رپورٹس پرایکشن لیں گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کوہسپتالوں میں ادویات کی عدم دستیابی کی شکایات ملی تھیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میو اسپتال ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی سرجیکل ٹاور کا دورہ کیا تو مریضوں نے شکایات کے انبار لگا دیے تھے۔ وزیراعلیٰ نے میو اسپتال انتظامیہ کی سخت سرزنش کی تھی اور ایم ایس کو عہدے سے فوری ہٹانےکا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد وزیر اعلی نے لاہور کے جناح ہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں بھی ادویات کی عدم دستیابی پر ایم ایس کو عہدے سے ہٹا دیا تھا ۔



