غزہ: رہائشی علاقوں پر بمباری، 22فلسطینی شہید،اسرائیل نے یمن میں فوجی تنصیبات، بندرگاہوں پر بھی بم برسا دئیے
صیہونی دہشتگردی جاری، خان یونس، شجاعیہ، البریج کیمپ پر اسرائیلی بمباری، شہدا کی مجموعی تعداد 46ہزار ہوگئی
غزہ (ویب ڈیسک) غزہ میں صیہونی دہشتگردی جاری ہے، خان یونس، شجاعیہ اور البریج کیمپ پر اسرائیلی طیاروں نے بمباری کی،24گھنٹے میں 32 فلسطینی شہید، شہدا کی مجموعی تعداد 46ہزار537ہوگئی۔
برطانوی جریدے دی لانسیٹ نے شہدا سے متعلق جاری خوفناک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد موجودہ تعداد سے 40فیصد زیادہ ہے، غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 64ہزار260ہے۔ دوسری طرف ڈرون حملوں کے جواب میں اسرائیل نے یمن میں فوجی تنصیبات اور بندرگاہوں پر بم برسا دئیے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے یمن میں حوثیوں کے کنٹرول والے علاقوں میں شدید بمباری کی۔
اسرائیلی بمباری سے ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ بمباری میں فوجی تنصیبات، بندرگاہوں اور پاور سٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی حملوں سے حدیدہ اور راس عیسی بندرگاہ، حزیاز پاور اسٹیشن اور فوجی تنصیبات کو نقصان پہنچا۔
اس سے قبل اسرائیلی فورسز نے یمن سے فائر کیے 2ڈرونز کو مار گرایا تھا۔ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ حوثی اسرائیل کے خلاف کارروائیوں کی قیمت چکا رہے ہیں اور انہیں مزید بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ دوسری جانب حماس سے یمن پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی ہے۔



