پاکستانتازہ ترینتعلیم/ادب

قوم کو میزائل نہیں فتنے تباہ کرتے ہیں: مریم نواز

لیہ میں میڈیکل کالج ، ڈی جی خان یونیورسٹی کیلئے فنڈز کا اعلان،کو ئی سکول سہولتوں سے محروم نہیں رہیگا، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لیہ میں میڈیکل کالج قائم کرنے اور کلاسز شروع کرنے ،ڈیرہ غازی خان اور لیہ کی یونیورسٹیوں کے لئے تین ارب روپے کے تاریخی فنڈز کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ غازی خان اور لیہ میں نوازشریف سینٹرآف ایکسی لینس برائے "ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن”بنانے کا اعلان کیا۔

وزیراعلیٰ نے110ارب روپے کے خطیر فنڈ سے پنجاب کے تمام سکولوں میں کلاس روم، ٹائلٹ اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کوایک سال میں مکمل کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب پنجاب کا کو ئی سکول ضروری سہولتوں سے محروم نہیں رہے گا۔ وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان سیسہ پلائی دیوار بن جائیں تودنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ہار نہیں سکتی۔ آبادی اور وسائل کے لحاظ سے چھوٹاملک ہونے کے باوجود جذبے سے کئی گنا بڑے ملک کوشکست دی۔ جو کہتے تھے رافیل کوئی نہیں گراسکتا، ہم نے جے ایف تھنڈر سے مار گرایا۔

نوجوان اپنی طاقت پہنچانیں اپنی قوم کے لئے خود بنیان مرصوص بنیں۔ ہر طالب علم کی کامیابی پر بچوں کو ملنے والی خوشی سے زیادہ خوش ہوتی ہوں۔ میرے بچوں کے پاس وسائل ہیں لیکن وسائل نہ ہونے کے باوجود پڑھنے والے بچے قابل تحسین ہیں۔ حکومت کے سارے وسائل اپنے بچوں کے سامنے رکھنا چاہتی ہوں ،والدین کے پاس وسائل نہ ہوتو ریاست کو ماں بن کر سوچنا چاہیے۔محنت کرکے اچھا رزلٹ لینے والے ہر بچے کے پاس ریاست خود پہنچے گئی۔ ہونہار سکالرشپ 30ہزار سے 50ہزار اور لیپ ٹاپ 40ہزار سے ایک لاکھ کر دیئے تاکہ بچوں کو کسی کا محتاج نہ ہونا پڑے۔

طلبہ میرا شکریہ ادا نہ کرے میں تو صرف ان کا حق ان تک پہنچارہی ہوں۔ والدین کی دعائیں اور آپ کے خواب پورے کرنے کے لئے میں ہوں۔ ابھی پہلا سال گزرا ہے،جیسے جیسے وقت گزرے گا طلبہ کے لئے مزید بہتری لائیں گے۔ پنجاب کا کوئی بچہ وسائل نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ 6 ماہ میں پاکستان کا پہلا تاریخی ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن سنٹر بنایا۔ دن رات عوام کے لئے سوچتی ہوں اور رات 12 بجے تک کام کرتی رہتی ہوں۔ جو آپ کی روٹی، سبزی اور بجلی بل کی فکر کرے، وہی اصل ہمدرد ہے۔ دن رات کام کرکے عوام کے حالات میں بہتری لانا چاہتی ہوں۔

قوم کو میزائل نہیں فتنے تباہ کرتے ہیں۔ نوجوانوں کو غلط راستے پر ڈالنے والے ان کو تباہ کرتے ہیں۔شہداء کی قبریں روندنے والے تاریخ کے کچرا دانوں میں جاتے ہیں۔ اپنے اداروں کی عزت کرنے والے سر اٹھا کر جیتے ہیں۔ وردی پہننے والے ملک کی حفاظت پر قربان ہوگئے ہیں۔وردی جلانے والوں نے دراصل ملک و قوم کے وقار پر ناپاک حملہ کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ نوجوانوں کو کہتی ہوں کہ ملک اور قوم کے خلاف کبھی نہیں جانا۔ ادارے آپ کے اپنے ہیں، یادگاریں آپ کی ہیں اور میٹرو بس بھی ہم سب کی ہے۔ فتنہ فساد پھیلانے والوں کی باتوں میں کبھی نہیں آنا، جو ان کی باتوں میں آگئے وہ جیلوں میں پڑے ہیں۔

قبل ازیں مریم نوازشریف نے لیہ سپورٹس سٹیڈیم میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن کیلئے ہونہار سکالر شپ فیز ٹو اور لیپ ٹاپ سکیم کا خود چیک تقسیم کرکے باقاعدہ آغاز کردیا ۔ ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، لیہ اور راجن پور کے طلبہ و طالبات میں 1,645 لیپ ٹاپس تقسیم کیے گئے۔ 586 لیپ ٹاپ ڈی جی خان ڈویژن کی سرکاری یونیورسٹیز، 199 میڈیکل کالج اور 860 لیپ ٹاپ کالجز کے طلبہ کو دئیے گئے۔ ہونہار سکالرشپ پروگرام کے فیز ٹو کے تحت ڈی جی خان ڈویژن کے1,696 طلبہ کو ایک کروڑ 93 لاکھ روپے ملے۔ ڈی جی خان ڈویژن کی 414 سکالرشپس سرکاری جامعات، 62 سکالرشپس میڈیکل کالج اور 1,220 سکالرشپس کالجز کے طلبہ کو دئیے گئے۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف سے سبکدوش ہونے والے ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین نے ملاقات کی۔

ملاقات میں ورلڈ بینک اور حکومت پنجاب کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ حکومتِ پنجاب ورلڈ بینک کے ساتھ اپنی مضبوط، مؤثر اور دیرینہ شراکت داری کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ورلڈ بینک تعلیم اور صحت سمیت دیگر سماجی و ترقیاتی شعبوں میں پنجاب کی قابلِ قدر معاونت کر رہا ہے۔ پاکستان اور ورلڈ بینک کا 40 ارب ڈالر کا نیا کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک CPF”اُڑان پاکستان”کے وژن کی عکاسی ہے۔

دریں اثنا وزیر اعلی پنجاب نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے نئے عہدیداران کو دلی مبارکباددی ہے۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ امید ہے رسجا اپنے صحافتی کردار سے معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کا فروغ جاری رکھے گی۔وزیر اعلی پنجاب نے رسجا کی نئی باڈی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button