لاہور ( سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز راولپنڈی شہر پہنچ گئیں۔ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کے دورے کئے۔ راولپنڈی کی تاریخ کے سب سے بڑے پراجیکٹ کی31مئی تک متوقع تکمیل پر اظہار مسرت کیا اور انتظامیہ کو شاباش دی۔ انہوں نے راولپنڈی جی پی او انڈر پاس اور محمد نوازشریف فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔
پراجیکٹ کے تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ بھی کیا۔ ہاتھ ہلا کر پراجیکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں کی گرم جوشی کا جواب دیا اور پراجیکٹ میں تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی اور روڈز کے اطراف میں دو رویہ درخت لگانے کا حکم دیا۔ راولپنڈی کے مال روڈ کو سگنل فری بنانے کے لئے مزید دو انڈر پاسز بنائے جائیں گے۔
انڈر پاس سے روزانہ دو لاکھ گاڑیاں با آسانی گزر سکیں گی۔ انڈر پاس بننے سے اے ایف آئی سی اور ایم ایچ کے مریضوں کو سڑک عبور کرنے میں آسانی ہوگی۔ مجموعی طور پر مال روڈ کو26کلو میٹر تک سگنل فری بنایا جائے گا۔ محمد نوازشریف فلائی اوور 2.3ارب اور انڈر پاس پراجیکٹ 4.38ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ محمد نوازشریف فلائی اوور کی تعمیر کا کام 85 فیصد اور انڈر پاس کی تعمیر 60فیصد تک مکمل ہوچکی ہے۔ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے زیر تکمیل پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز نے مال روڈ جی پی او چوک پر انڈرپاس کی تعمیراتی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔ راولپنڈی ڈویژن میں 56 ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام جاری ہے۔
نوازشریف فلائی اوور کی تکمیل سے شہریوں کو موٹروے اور راولپنڈی رنگ روڈ تک براہ راست رسائی ممکن ہوگی۔ محمد نوازشریف فلائی اوور کی تکمیل سے79ہزار گاڑیاں مستفید ہونگی۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ سے ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے ملاقات کی۔ مریم نواز نے نے ایتھوپیا کے سفیرکا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر تعلقات مزید مستحکم کرنے پر زور دیا گیا۔ باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ، اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں زراعت، تعلیم، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔مریم نواز نے ایتھوپیا سے پاکستان ڈائریکٹ فلائٹ بحال ہونے پر مبارکباد دی۔
ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور ایتھوپیاکے درمیان دوطرفہ مشاورت خوش آئند پیش رفت ہے۔ پاکستان اور ایتھوپیا کے مابین تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے حکومت پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی اور فلاحی اقدامات کو سراہا۔ ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان خصوصاً پنجاب کی ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی ایمیونائزیشن مہم محفوظ مستقبل کیلئے ہے۔ انہوں نے ورلڈ ایمیونائزیشن ویک پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بیماریوں سے بچائوکا سب سے موثر ہتھیار احتیاط،آگاہی اور ویکسینیشن ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ پولیو، خسرہ، ٹی بی، ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریوں کے خلاف ویکسینیشن مہم جاری ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لازمی لگوائیں۔انہوں نے مزید بتایاہے کہ پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔



