لاہور( جنرل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا)کے نمائندگان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے گورنر پنحاب سردار سلیم حیدر خان نے کیا کہ ملک کی ترقی کا حصول اعلیٰ تعلیم سے وابستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ یونیورسٹیوں میں ڈرگز اور طالبات کی ہراسمنٹ پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کا مقصد تحقیق کا فروغ ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جامعات میں تحقیق و ریسرچ پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اکیڈیمیہ کی انڈسٹری سے روابط مضبوط کرنے اور ریسرچ کو انڈسٹری سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقع پر فپواسا کے نمائندگان نے گورنر پنجاب کو پنجاب کی یونیورسٹیز ایکٹ میں مجوزہ ترامیم پر تحفظات سے آگاہ کیا۔
۔ انہوں نے کہا کہ تمام جامعات کی باڈیز میں حکومت کی نمائندگی پہلے سے ہی موجودہ ہے اور نئی ترامیم سے جامعات کی خود مختاری ختم ہو جائے گی۔ گورنر پنجاب نے فپواسا کے نمائندگان کے تحفظات کو دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔



