پاکستانتازہ ترینسپورٹس

قذافی سٹیڈیم،ٹیم کی نئی کٹ کا افتتاح،وزیر اعظم کا بھارت کو ہرانے کا ٹاسک

وزیراعلیٰ مریم نواز،محسن نقوی،ایازصادق بھی تقریب میں شریک،شاندار آتشبازی کامظاہرہ،لاہور میں ہمیشہ جذبہ اور سپورٹ ملی:رضوان احمد،بابر،دعا کریں:شاہین آفریدی

لاہور:(سلمان حسین سے)وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں نو تعمیر شدہ قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کرتے ہوئے قومی ٹیم کو بھارت کو ہرانے کاٹاسک دیدیا۔

قذافی سٹیڈیم کا فضائی منظر

رپورٹ کے مطابق افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق چیئرمین نجم سیٹھی، ذکا اشرف، قومی ٹیم کے کھلاڑی اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔

افتتاح کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں آتشبازی اور لائٹس شو کاشاندار مظاہرہ کیا گیا، شائقین کرکٹ کے لیے ہر انکلوژر سے میچ دیکھنے کابہترین ویو ہے۔

سٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے

اسیٹڈیم میں زیادہ روش ایل ای ڈی لائٹس اور 2نئی بڑی اسکرین نصب کی گئی ہیں، اس کے علاوہ انکلوژرز کے آگے جنگلے ختم اور آرام دہ نشستیں لگائی گئی ہیں۔

افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم سب کے لیے بڑی خوشی کا دن ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو بہت ہی شاندار طریقے سے مکمل ہوئی، ابھی آپ نے سنا کہ ایک ٹیم کے طور پر چاہے، کنٹریکٹرز ہیں یا مزدور اور محسن نقوی کی نگرانی میں اس کام کو ممکن کر دکھایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شاباش اور مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں کہ آپ نے حالیہ مہینوں میں بہت اعلیٰ کرکٹ کھیلی، پوری قوم کا آپ نے دل جیتا اور اب چیمپئنز ٹرافی آپ کی جیت کی منتظر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی جیت کر آپ پوری قوم کے ہیرو ہوں گے بلکہ جو ہمارا ہمسایہ (بھارت) ہے اس کو شکست دے کر آپ 24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے، ہم سب آپ کے لیے دعاگو ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم اس وقت کا انتظار کریں گے جب آپ بھارت کو شکست دیں گے۔

دریں اثنا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی کردی گئی،ایک تقریب میں کھلاڑیوں نے کٹ کی رونمائی کی پی سی بی کے مطابق shop.pcb.com.pk پر جا کر شائقین کرکٹ اس کٹ کو خرید سکتے ہیں۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہمارے احساسات بہت اچھے ہیں، جب ہم اپنے کراؤڈ میں کھیلتے ہیں تو جذبہ ہی کچھ اور ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں لاہور میں جذبہ ملتا ہے، ہمیں امید ہے کہ اسی طرح سپورٹ ملے گی۔

کٹ کی رونمائی کے موقع پر بابر اعظم نے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کو مبارکب ہو کہ نیا اسٹیڈیم بنا، لاہور میں ہم جب بھی کھیلتے ہیں، ہمیں بہت زیادہ سپورٹ ملتی ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ لاہوریوں نے ہمیشہ ہی سپورٹ کیا ہے، ہمیں اس سیریز اور پوری چیمپئنز ٹرافی میں یہی سپورٹ چاہیے ہو گی، ہمارے لیے دعا کریں، یہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان کی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button