انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

پاک،بھارت جنگ میں 5جنگی طیارےگرے:ٹرمپ کا اعتراف

واشنگٹن:(ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ جھڑپوں کے دوران 5 تک جنگی طیارے مار گرائے گئے، تاہم صورتِ حال جنگ بندی کے بعد پرسکون ہو گئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ، وائٹ ہاؤس میں کچھ ریپبلکن امریکی قانون سازوں کے ساتھ عشائیے کے دوران بات کر رہے تھے، انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ گرائے گئے طیارے کس ملک کے تھے۔

انہوں نے کہا کہ درحقیقت طیارے ہوا میں مار گرائے جا رہے تھے، 4 یا 5، لیکن میرا خیال ہے کہ 5 طیارے واقعی مار گرائے گئے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت-پاکستان جھڑپوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے یہ کہا، تاہم انہوں نے مزید تفصیل فراہم نہیں کی۔

پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے فضائی لڑائی میں بھارت کے 5 طیارے مار گرائے، بھارت کے اعلیٰ ترین جنرل نے مئی کے آخر میں کہا تھا کہ پہلے روز فضائی نقصان کے بعد بھارت نے اپنی حکمت عملی تبدیل کی اور جنگ بندی سے 3 دن پہلے برتری حاصل کر لی۔

بھارت نے بھی پاکستان کے کئی طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا، تاہم اسلام آباد نے کسی طیارے کے نقصان سے انکار کیا لیکن تسلیم کیا کہ اس کے فضائی اڈے نشانہ بنے۔

امریکی صدر نے بارہا بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا کریڈٹ لیا ہے، جس کا اعلان انہوں نے 10 مئی کو سوشل میڈیا پر اس وقت کیا جب واشنگٹن نے دونوں ممالک سے بات چیت کی، بھارت نے ٹرمپ کے اس دعوے سے اختلاف کیا ہے کہ جنگ بندی امریکی مداخلت اور تجارتی دھمکیوں کی وجہ سے ممکن ہوئی۔

بھارت کا مؤقف ہے کہ نئی دہلی اور اسلام آباد کو اپنے مسائل براہ راست اور بغیر کسی بیرونی مداخلت کے حل کرنے چاہئیں۔

بھارت ایشیا میں چین کے اثرورسوخ کا مقابلہ کرنے کی امریکی کوششوں میں واشنگٹن کا ایک اہم شراکت دار بنتا جا رہا ہے، جب کہ پاکستان امریکی اتحادی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button