لاہور ( بیوروچیف) پنجاب میں دیہات میں بنی ہائوسنگ سکیموں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ مجوزہ بل کے مطابق دیہات میں بنی ہائوسنگ سکیمیں بھی ٹیکس نیٹ میں شامل کی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق لینڈ مافیا دیہات میں اسکیمیں بنا کر ٹیکس نیٹ سے بچ جایا کرتے تھے، جس کے بعد اب ٹیکس شہری غیر منقولہ جائیداد ٹیکس ایکٹ 1958ء کے تحت لگایا جائے گا۔بل کا بنیادی مقصد پنجاب فنانس ایکٹ 2024ء کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ٹیکس کے اطلاق کا دائرہ شہری علاقوں میں بھی وسیع کیا جائے گا۔
شہری علاقوں کی حدود میں تمام تر غیر منقولہ جائیدادیں ٹیکس نیٹ کا حصہ ہوں گی۔ اس سلسلے میں جائیداد کی مالیت اور دیگر معیارات کے مطابق ٹیکس کا تعین کیا جائے گا۔ٹیکس وصولی پنجاب حکومت کا مقرر کردہ ادارہ کرے گا جبکہ ٹیکس سے اکھٹے ہونے والے پیسے لوکل گورنمنٹ کو منتقل کیے جائیں گے۔
لوکل گورنمنٹ اپنے علاقوں کی ترقی اور بہتری کے لیے ٹیکس استعمال کر سکیں گی۔مجوزہ بل پنجاب اسمبلی میں متعلقہ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا ہے۔ کمیٹی 2ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔



