کل یوم یکجہتی کشمیر منایا جائے گا آئی ایس پی آر نے نغمہ جاری کر دیا
اسلام آباد( ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کل 5فروری کو بھرپور اند از میں منایا جائے گا۔ کشمیر ڈے کے موقع پر ملک بھر میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی ، سیمنار ز اور واکس منعقد کی جائیں گی۔ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں 5فروری کو کشمیریوں سے تاریخی اظہار یکجہتی کریں گی۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے طویل انسانی ہاتھوں کی زنجیر یں بنائی جائیں گئیں جس میں تمام جماعتوں کے کارکنان سماجی تنظیموں،تاجر برادری وکلاء سکول و کالج کے طلباء سمیت عوام کی کثیر تعداد شرکت کریں گے۔
بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔ کشمیر کی آزادی اور امت مسلمہ کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ اخبارات خصوصی ایڈیشن جبکہ ٹی وی چینلز سے بھی خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے نیا نغمہ جاری کر دیا۔ یوم یکجہتی کشمیر پر جاری کیا گیا نغمہ معروف گلوکار احمد جہانزیب نے گایا ہے جبکہ اس کے بول عمران رضا نے لکھے ہیں۔ نغمے کا آغاز مرحوم کشمیری رہنما سید علی گیلانی شہید کی ایک تقریر سے کیا گیا ہے جس میں وہ مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں اسلام کے تعلق سے ہی اور اسلام کی محبت سے ہی ہم پاکستانی ہیں۔
پاکستان ہمارا ہے۔ نغمے میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیریوں کے احتجاج کے مناظر شامل ہیں۔ نغمے کی ویڈیو میں کشمیری حریت پسند نوجوان برہان وانی شہید اور دیگر شہدا کے جنازے بھی دکھائے گئے ہیں۔ادھر5فروری یوم یکجہتی کشمیر سے قبل مقبوضہ کشمیر کے گلی کوچوں میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے پوسٹرز لگ گئے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے تحریک آزادی کی حمایت جاری رکھنے پر وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔



