یو اے ای میں اگست اور ستمبر کے دوران شیڈول سہ فریقی سیریز: پاکستان اور افغانستان کے شائقین کیلئے بڑا فیصلہ
لاہور(سلمان حسین )متحدہ عرب امارات میں اگست اور ستمبر کے دوران شیڈول سہ فریقی سیریز کے حوالے سے پاکستان اور افغانستان کے شائقین کے لیے الگ الگ اسٹینڈ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کرکٹ پاکستان ویب سائٹ کے مطابق شارجہ کی انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے تاکہ ماضی کی طرح دوبارہ کوئی برا واقعہ رونما نہ ہو سکے۔
سکیورٹی پروٹوکول کے تحت پاکستان اور افغانستان کے شائقین کے لیے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں الگ الگ داخلی دروازے اور سٹینڈ مختص کیے جائیں گے۔
منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت قومیت کی بنیاد پر محدود کی جائے گی اور شائقین کو ٹورنامنٹ کے دوران مخصوص نشستوں والے علاقوں میں بٹھایا جائے گا۔
پاکستان اور افغانستان اب تک 7 ٹی ٹوئنٹی میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آ چکے ہیں، جس میں سے 4 میچز قومی ٹیم جبکہ تین میچز افغان ٹیم نے جیتے ہیں۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 29 اگست کو کھیلا جائے گا۔



