لاہور، ننکانہ صاحب، منڈی بہائو الدین ( بیورو چیف/سید ظہیر نقوی ) لاہور کے مختلف مقامات پر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ( سی سی ڈی) کے ساتھ مبینہ مقابلوں میں 4منشیات فروش ہلاک ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ پولیس مقابلے نشتر اور کاہنہ کے علاقے میں ہوئے، سی سی ڈی ماڈل ٹائون کے مبینہ مقابلے میں نوید بلا اور انجم انجو مارے گئے، جبکہ کاہنہ مبینہ مقابلے میں شاہد شاہدی اور مجاہد حاجی ہلاک ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں ملزمان اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے، ملزموں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مارے گئے ملزم منشیات فروشی سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ ادھر ننکانہ صاحب کے تھانہ صدر کے مختلف علاقوں میں تین مبینہ پولیس مقابلے ہوئے۔
جن میں سی سی ڈی پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں چھ منشیات فروش ہلاک جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے منشیات فروش اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے مارے گئے جبکہ چار فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ہلاک ملزمان کی شناخت عثمان، اکرم، عابد، ایوب، افضل اور خرم کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ تمام افراد مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ مزید برآں منڈی بہائوالدین میں بھی مبینہ مقابلے میں ایک ملزم مارا گیا۔
تھانہ قادر آباد پولیس کو اطلاع ملی کہ اشتہاری ملزم محمد اشرف ملاح ساکن حافظ آباد اپنے ساتھیوں کے ساتھ آ رہا ہے، جس پولیس نے ڈھڈی پل دھپ سڑی کے قریب ناکہ لگایا ، روکنے کی کوشش پر ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
اہلکاروں نے زمین پر لیٹ کر جانیں بچائیں۔ ملزم سیم نالہ کی طرف دوڑے، جن کا تعاقب جاری رکھا گیا، جب فائرنگ کا سلسلہ رکا تو سرچ آپریشن کے دوران اشرف ملاح زخمی حالت میں ملا، جسے ہسپتال میں بھیجا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔



