پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

بچوں کی ٹانگیں زمین پر لگتی نہیں اور موٹا ئیکل دیدیتے ہیں ، لاہور ہائیکورٹ

کم عمر بچے موٹرسائیکل تیز رفتاری سے چلاتے ہیں اور جرمانہ زیادہ اس لئے رکھا گیا کہ لوگ خلاف ورزی نہ کریں، چیف جسٹس

لاہور ( ویب ڈیسک ) لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے کی جانے والی موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترامیم کے خلاف درخواست کو مسترد کر دیا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترامیم کے خلاف آصف شاکر ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس دوران درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ پولیس کم عمر بچوں پر ایف آئی آرز درج کر رہی ہے اور پھر قانون سازی کرکےبھاری جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں، شہریوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی دینے کی بجائے جرمانہ اور ایف آئی آر کرنا درست نہیں۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت بھاری جرمانوں کیلئے کی گئی ترامیم کالعدم قرار دے۔
درخواست گزار کے دلائل پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے قانون بنا دیا ہے اس پر عمل کریں، یہاں پر آپ قانون پر عملدرآمد کی بجائے قانون ختم کرانے آگئے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بچوں کی ٹانگیں زمین پر لگتی نہیں اور انہیں موٹر سائیکل لے کر دے دیتے ہیں، میرے گھر کے بڑوں اور بچوں دونوں کے چالان بھی آئے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پولیس نے بتایا کہ 5ہزار کم عمر ڈرائیور ون وے کی خلاف ورزی سے حادثات میں زخمی اور فوت ہوئے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کم عمر بچے موٹرسائیکل تیز رفتاری سے چلاتے ہیں اور جرمانہ زیادہ اس لیے رکھا گیا کہ لوگ خلاف ورزی نہ کریں۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دئیے کہ دنیا بھر میں ٹریفک کی خلاف ورزی پر بہت زیادہ جرمانے ہوتے ہیں، دبئی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ایک لاکھ درہم تک جرمانے ہوتے ہیں، گلی محلوں میں ہٹ اینڈ رن کے کیس بہت زیادہ ہوتے ہیں، ہمارے بچوں کی سیفٹی بہت ضروری ہے لہذا ہمیں قانون پر عمل کرنے والا بننا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کہہ دیا ہے پہلی خلاف ورزی پر جرمانہ ہوگا اور دوسری خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہو گی۔ عدالت نے کہا کہ قانون سوسائٹی کو بہتر کرنے کیلئے بنتے ہیں لہذا شہریوں کو ذمہ دار بنانے کیلئے قانون سازی ضروری ہے اور والدین بھی ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرتے ہیں۔ بعد ازاں ہائیکورٹ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button