لاہور ( سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں جی سی یونیورسٹی، لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو ماڈل تعلیمی ادارے بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ برطانیہ، کوریا اور قازقستان سمیت متعدد غیر ملکی یونیورسٹیوں نے پنجاب میں کیمپس بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
یونیورسٹی آف لندن، یونیورسٹی آفBRUNEL، یونیورسٹی آف GLOUCESTERSHIRE، یونیورسٹی آف LEICESTERاور دیگر یونیورسٹیوں نے پنجاب میں برانچ کیمپس کھولنے کی پیش کش کی ہے۔
اجلاس میں پنجاب کے سرکاری کالجز میں بھی کالج مینجمنٹ کونسل قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں معیار تعلیم بلند کرنے کے لئے ’’ کے پی آئی‘‘ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وائس چانسلر کی کارکردگی کو ’’کے پی آئی‘‘ کے معیار پر جانچا جائے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے انڈر پرفارمنگ کالجز سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ایجوکیشن ویجی لینس سکواڈ قائم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ ایجوکیشن ویجی لینس سکواڈ تعلیمی اداروں میں اچانک جاکر حاضری، صفائی، معیار تعلیم اور دیگر امور چیک کرے گا۔ منسٹر ایجوکیشن کی زیر نگرانی ایجوکیشن ویجی لینس سکواڈ کی رپورٹ پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر معیار تعلیم کے لحاظ سے پنجاب کی یونیورسٹیوںکی گرین، بلیو، ییلو اور گرے رینکنگ مقرر کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سی ایم پنجاب ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب کے علاوہ دوسرے صوبوں کے19ہزار سے زائد طلبہ وزیراعلیٰ پنجاب سکیم میں اپلائی کر چکے ہیں۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کا سٹریٹجک پلان روڈ میپ202529 ء کا بھی جائزہ لیا گیا۔پنجاب کی یونیورسٹیوں میں معیار تعلیم اور ادارہ جاتی بہتری ترجیح قرار دی گئی۔پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میںگورننس ریفارمز اور ادارہ جاتی خود مختاری لانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیاگیا۔
پنجاب کی یونیورسٹیوں میںتدریسی معیار، اختراعی تحقیق اور تخلیقی علم پر زور دیا جائے گا۔پنجاب کی یونیورسٹیوں میںانسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دینا ترجیحات میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ یونیورسٹیوں میںڈیجیٹل ٹرانسفار میشن اورگلوبل روابط بھی ترجیحات میں شامل کرنے پر غورکیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب میں پہلی مرتبہ ہائرایجوکیشن کانفرنس کے انعقادکی اصولی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں غیر فعال کامرس کالجزسی متعلق بھی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔



