غزہ میں فوری جنگ بندی ضروری: او آئی سی،گریٹر اسرائیل منصوبہ ناقابل قبول: پاکستان
جبری بے دخلی، غیرقانونی قبضے کا جلد خاتمہ یقینی بنایا جائے، پاکستان عرب ملکوں کی خودمختاری، علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا : اسحاق ڈار کا اجلاس سے خطاب،سعودی، ایرانی، صومالی وزرائے خارجہ سے ملاقات
جدہ:( ویب ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس جدہ میں ہوا جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کر رہے ہیں۔سعودی وزیر خارجہ نے کہا غزہ میں فوری جنگ بندی اور امداد کی رسائی یقینی بنائی جائے، گریٹر اسرائیل منصوبے کو مسترد کرتے ہیں، مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کا قیام منظور نہیں، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام نہایت ضروری ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے کہا غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں اسرائیلی قبضے کا منصوبہ ناقابل قبول ہے، ہم فلسطینی عوام اور ان کے حقوق کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں دو ریاستی حل کے حصول کی امید ہے، غزہ میں جبری قحط انسانیت کے خلاف جرم ہے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا گریٹر اسرائیل منصوبہ ناقابل قبول ہے، اسرائیل کا منصوبہ امن کیلئے خطرہ ہے، غزہ میں انسانی امداد کی مکمل اور محفوظ رسائی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے مزید کہا جبری بے دخلی اور غیرقانونی قبضے کا جلد خاتمہ یقینی بنایا جائے، پاکستان عرب ملکوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں معصوم فلسطینیوں کا خون بہایا جا رہا ہے، ہسپتالوں، سکولوں، کیمپوں پر حملے انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
علاوہ ازیں اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماوں نے غزہ کی تشویشناک صورتحال پر بات چیت کی۔وزیرخارجہ نے اپنے ایکس اکائونٹ پر سعودی ہم منصب سے ملاقات کی تصویر پوسٹ کی اور لکھا کہ اپنے بھائی سعودی عرب کے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے مل کر بے حد خوشی ہوئی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ یہ ملاقات او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی سائیڈ لائنز میں ہوئی، ہم نے ملاقات میں غزہ کی تشویشناک صورتحال پر بات چیت کی۔
انہوں نے کہا ملاقات میں غزہ میں امن کے لئے مستقل جنگ بندی اور انسانی امداد کی فوری رسائی پر اتفاق کیا گیا اور دونوں جانب سے پاک سعودیہ دو طرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔مزیدبرآں اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات میں غزہ کی صورتحال، اسرائیلی جارحیت، نسل کشی اور قحط کی مذمت کی اور انسانی امداد کی فراہمی اور مستقل جنگ بندی پر زور دیا ۔
اسحاق ڈار کی صومالیہ کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں غزہ کی صورتحال اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی۔ ترجمان کے مطابق قحط اور انسانی المیے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امداد کی فراہمی پر زور دیا گیا جبکہ دونوں ملکوں میں تجارت، معیشت اور عوامی روابط میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ۔



