لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ انسانی حقوق کا احترام معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کا سنگ بنیاد ہے۔ حضرت محمدؐ نے انسانی حقوق پر پہلا جامع چارٹر خطبہ حجتہ الوداع میں ابدی اور لافانی پیغا م دیا۔ دین اسلام انسانی حقوق کا سب سے بڑا داعی ہے۔
انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا کہ حضرت محمدؐ نے انسانی حقوق کا بے مثال چارٹر دیکر انسانیت پر احسان کیا۔10 دسمبر انسانی حقوق کے بارے میں شعور و آگاہی بیدار کرنے کا دن ہے۔ ہر انسان رنگ، نسل، مذہب، جنس یا حیثیت سے بالاتر انسانی حقوق رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور فروغ مسلم لیگ ( ن) کا ویژن اور اولین ترجیح ہے۔ تعلیم، صحت، مذہبی آزادی، اظہار رائے اور بنیادی ضروریات تک رسائی یقینی بنا رہے ہیں۔
حکومت پنجاب انسانی حقوق کی پاسداری کے لئے سرگرم عمل ہے۔ ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتے ہیں جہاں ہر شہری کو مساوی مواقع، انصاف اور عزت حاصل ہو۔ انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے معاشرے میں محبت، احترام اور رواداری کو فروغ ضروری ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی مہذب معاشروں کی پہچان ہے۔ شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ پنجاب حکومت نے شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ جبری مشقت کے خاتمے، مذہبی آزادی اور بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔
ہمیں ہر شہری کے انسانی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ کے زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق خصوصی اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے پہلے مرحلے کی 52شہروں کی گلیوں، پارکس، سیوریج اور ڈرینج کی اپ گریڈیشن پر پراگریس رپورٹ پیش کی گئی۔ اس موقع پر پورے پنجاب میں یکساں ترقی کے لئے سیوریج، ڈرینج، پارکس اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 52شہروں میں ترقیاتی کام کی شروعات 19دسمبر 2025سے اور اہم منصوبوں کی تکمیل کی تاریخ 30جون 2026مقرر کی گئی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کے 52شہروں میں ترقی ہوگی،10گرائونڈ بریکنگ کے لیے تیار ہیں جبکہ 304ارب روپے میں 166ارب کے پراجیکٹ سے شہریوں کی زندگیوں میں واضح بہتری آئے گی۔
پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے تحت 50ٹینڈرز فلوٹ کر دیئے گئے ہیں جبکہ 10کا ٹینڈر عمل مکمل ہو چکا ہے۔ پہلے مرحلے میں پنجاب ڈیولپمنٹ پلان کی مجموعی لاگت 304 ارب روپے رکھی گئی ہے جبکہ166 ارب روپے کا ترقیاتی کام منظور کئے گئے۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پلان کے تحت 53.5 ارب روپے کے 10اہم پراجیکٹس جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پی ڈی پی کے تحت 52شہروں میں 30جون کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی ڈی پی کے تحت 3497کلومیٹر طویل سیوریج، 181کلومیٹر ڈرینج سسٹم اور 56نئے ڈسپوزل سٹیشن بنائے جائیں گے۔
61ڈسپوزل سٹیشن کی تعمیر و مرمت کے بعد آبی گنجائش 2114کیوسک تک بڑھ جائے گی۔ پہلے مرحلے میں بورے والا، خانیوال، لالہ موسیٰ، میلسی، سلانوالی، وہاڑی، اٹک، لیہ، علی پور اور جڑانوالہ شامل ہیں۔ 53ارب روپے کی لاگت سے 10شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا فوری آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے عوامی ضرورت کے مطابق زیادہ خراب اور خستہ حال علاقوں کو ترجیحاً تعمیرو مرمت کی ہدایت کی۔ 43مزید شہروں میں مجموعی طور 304ارب روپے کی لاگت سے سیوریج، ڈرینج،پارکس اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ مریم نواز نے مون سون سے قبل نکاسی آب کے پراجیکٹ کے تکمیل کی ہدایت کی۔



