PNSخیبر پاک بحریہ میں شامل، اردوان تقریب کے مہمان خصوصی
پاک، ترک دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کا عکاس: شہباز شریف
کراچی، اسلام آباد، استنبول ( ویب ڈیسک) پاک بحریہ کے دوسرے بابر کلاس جہاز پی این ایس خیبر کی کمشننگ تقریب استنبول نیول شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔ جس میں ترک صدر رجب طیب اردوان مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آئی کے مطابق تقریب میں چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران ترک صدر نے خطاب کرتے ہوئے پاک، ترک برادرانہ تعلقات کو قابلِ تقلید قرار دیا اور دفاعی پیداوار کے حوالے سے دونوں ممالک کے اشتراک کار کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے بابر کلاس جہازوں کی تیاری میں ASFATاور استنبول نیول شپ یارڈ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پاک ترک بحری افواج کے دو طرفہ روابط دفاعی اشتراک کار کو مربوط اور مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، یہ تعاون دونوں ممالک کی گہری شراکت داری کا مظہر ہے۔
کمشننگ کے بعد ترک صدر نے پی این ایس خیبر کا دورہ کیا، جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور جہاز کے عملے سے ملاقات بھی ہوئی۔ صدر اردوان اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی اور مستقبل مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
جدید ہتھیاروں اور سینسرز کے ساتھ بابر کلاس جہاز اور عصری تقاضوں کے مطابق کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے حامل ہیں۔ وزارت دفاعی پیداوار اور ASFATنے 2018ء میں چار جہازوں کی تیاری کا معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت دو جہاز استنبول شپ یارڈ میں تیار کیے گئے اور باقی دو جہاز پاکستان میں تیار کئے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں پاکستان کے دوسرے ملجم کلاس بحری جہاز پی این ایس خیبر کی کمیشننگ پر پاک بحریہ، دفاعی ماہرین اور تمام شراکت داروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی این ایس خیبر کی شمولیت سے پاکستان کی سمندری سرحدوں کے تحفظ کی صلاحیت مزید مضبوط ہو گی۔
جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون باہمی اعتماد اور دیرینہ برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحری قوت اور صلاحیت میں اضافہ پاکستان کی معیشت، تجارت اور سمندری راستوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔



