اسرائیل کی غزہ،لبنان پربمباری، 78افراد شہید،200زخمی
غزہ: اسرائیل نے غزہ کی پٹی اور لبنان میں ہسپتالوں، پناہ گزین کیمپوں اور رہائشی علاقوں پر فضائی حملے کیے جن میں 78افراد شہید اور200کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔ صیہونی فوج نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فورس کی عمارت پر بھی گولہ باری جس سے 4امن اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ حزب اللہ کے ڈرون حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور 2زخمی ہو گئے۔اسرائیل نے جنوبی لبنان کے قصبوں مجدال زون اور القلیہ پر فاسفورس بم بھی برسائے۔دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس وقت غزہ بچوں کیلئے قبرستان میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں ہر 30 منٹ میں ایک بچہ قتل ہو رہا ہے۔اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے شمالی غزہ کیلئے 31 امدادی مشنز کو رسائی دینے سے انکار کر دیا ہے۔دریں اثنا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ میں موجود کسی بھی یرغمالی کی رہائی میں مدد کرنے پر 50لاکھ ڈالر انعام اور غزہ سے باہر نکلنے کا محفوظ راستہ دینے کا اعلان کیا ہے۔نیتن یاہو نے تباہ شدہ غزہ کا ایک مختصر دورہ کیا اور کہا کہ غزہ میں حماس کی فوجی طاقت ختم کردی، جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ میں حماس کی حکمرانی نہیں ہوگی۔ادھر قطر ی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دوحہ میں حماس کا سیاسی دفتر مستقل طور پر بند نہیں کیا گیا،حماس کے سیاسی بیورو کے رہنما اس وقت دوحہ میں موجود نہیں ہیں اور وہ مختلف دارالحکومتوں کے درمیان سفر کرتے رہتے ہیں۔



