وزیراعظم شہباز شریف کی محمد بن سلمان سے ملاقات، پاکستان کا سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے رہنے کا اعادہ
اسلام آباد/جدہ (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے جدہ میں سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی طویل المدتی حمایت پر گہری ستائش کی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ مشکل اور آزمائشی حالات میں پاکستان، مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کی دعوت پر سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے جہاں جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر پرنس سعود بن مشعل بن عبدالعزیز نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر احمد فاروق، جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی اور دیگر سفارتی حکام بھی موجود تھے۔


