انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

مشرق وسطیٰ تنازع کے اثرات: سپلائی چین مستحکم بنا رہے ہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

امریکی وزیر تجارت سے ملاقات، اقتصادی تعاون کیلئے نئے مواقع بروئے کار لانے پر زور

واشنگٹن(ویب ڈیسک) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پاکستان کی معیشت پر اثرات سے نمٹنے کے لیے سپلائی چین کو مستحکم بنانے پر کام کر رہی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ اقتصادی شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران کان کنی، توانائی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور باہمی مفاد پر مبنی نئے اقتصادی مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے یو ایس پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام ایک ظہرانے میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستان میں کام کرنے والی امریکی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی اور انہیں ملکی معیشت اور اصلاحاتی اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی (ای ایف ایف) کے تیسرے جائزے اور ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلٹی (آر ایس ایف) کے دوسرے جائزے پر اسٹاف لیول معاہدہ حاصل کر لیا ہے، جبکہ آئی ایم ایف بورڈ سے منظوری جلد متوقع ہے۔

محمد اورنگزیب نے مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث توانائی کی فراہمی، قیمتوں اور لاجسٹکس پر دباؤ بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے سپلائی چین کو مستحکم بنانے، طلب کے مؤثر انتظام اور ہدفی سبسڈیز جیسے اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

داخلی اصلاحات کے حوالے سے وزیر خزانہ نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے پر زور دیا اور کہا کہ غیر رسمی معیشت سے وابستہ طبقات کو ٹیکس نظام میں لانے کے لیے ایف بی آر ہدفی آڈٹس اور مختلف شعبوں کے ساتھ روابط بڑھا رہا ہے۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے فرسٹ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ڈین کیٹز سے بھی ملاقات کی اور جاری پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے آئی ایم ایف مشن ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کا تسلسل پاکستان کے لیے معاشی استحکام اور عالمی اعتماد کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بیرونی چیلنجز کے باوجود معاشی استحکام، مہنگائی کنٹرول، برآمدات میں اضافہ اور ترسیلات زر کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button