
لاہور ( سلمان حسین ) پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) 11میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 8وکٹوں سے شکست دے کر ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔ کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
کراچی نے مقررہ 20اوورز میں 6وکٹوں پر 150رنز سکور کیے۔ ریزا ہینڈرکس 51، جیسن روئے 39اور اعظم خان 34رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 151رنز کا ہدف 16اوورز میں 2وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سمیر منہاس نے 58رنز بنائے، ڈیون کونوے نے 53رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کپتان شاداب خان 31رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ یوں اسلام آباد یونائیٹڈ 8وکٹوں سے کامیاب ہوکر 9مجموعی پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی۔ اس سے قبل 24ویں میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے راولپنڈیز کو 5وکٹوں سے شکست دے دی۔ راولپنڈیز 6میچز کھیلنے کے باوجود تاحال فتح سے محروم ہے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں حیدر آباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے درست ثابت ہوا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20اوورز میں 9وکٹوں پر 121رنز ہی بناسکی۔ سیم بلنگز 26اور یاسر خان 24رنز بنا کر نمایاں بیٹرز رہے۔
کنگزمین کی جانب سے محمد علی اور حنین شاہ نے تین تین جبکہ آصف محمود اور گلین میکسویل نے ایک ایک وکٹ لی۔ حیدرآباد نے 122رنز کا آسان ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر 17ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
کپتان مارنس لبوشین، کوشل پریرا اور عرفان خان نیازی نے ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ راولپنڈیز کی جانب سے آصف آفریدی نے دو جبکہ بین سیئرز، محمد عامر اور سعد مسعود نے ایک ایک وکٹ لی۔



