لاہور(بیورچیف)لاہور پولیس آپریشنز ونگ نے کوٹ لکھپت کی حدود میں شہریوں کو خواجہ سرائوں کے ذریعے ہراساں کرکے لوٹنے والے7ملزمان گرفتارکر لئے۔
کوٹ لکھپت میں پولیس ہنی ٹریپ کی واردات، پولیس اہلکار بھی ملوث نکلے، ڈی آئی جی کے حکم پر مقدمہ درج کرکے چار پولیس اہلکاروںکوگرفتارکرلیاگیا۔اہلکار ایس ایچ او کوٹ لکھپت افضال رئوف کے کار خاص بتائے گئے ہیں۔
ایس پی ماڈل ٹائون اسد علی ایس ایچ اوکوٹ لکھپت کی بھی انکوائری کر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقے میں2خواجہ سرائوں نے قصورکے شہری کو ٹریپ کر کے اپنے فلیٹ پر بلایا اور ساتھی خواجہ سرائوں کیساتھ ملکر شہری پر تشددکرکے چالیس ہزار نقدی چھین کر اس کو واش میں بند کر دیا۔
کچھ دیر بعد فلیٹ پر چار پولیس اہلکار آئے توخواجہ سرائوں نے شہری کو انکے حوالے کر دیا۔پولیس اہلکاروں نے شہری سے ڈرا دھمکا کر شناختی کارڈ کی کاپی اورگیارہ ہزار نقدی چھین لی ۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کوٹ لکھپت پولیس کو فوری کاروائی کا حکم دیا جس پر پولیس نے خواجہ سرائوں اور 4کانسٹیبلز کے خلاف مقدمہ درج کر کے کانسٹیبل وقاص، سلیمان ، عمیر اور عرفان کوگرفتارکر لیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق خفیہ تحقیقات اور شواہد کی بنیاد پر وقوعہ کی تصدیق کر لی گئی ۔کارروائی کے دوران 4 پولیس اہلکاروں سمیت 3 خواجہ سرا گرفتار کر لیے گئے۔کارروائی میں خواجہ سرا ماہی، خوشی اور کشمالہ کو بھی گرفتار کیا گیا۔ ملزمان شہری کو ہراساں کر کے رقم اور قیمتی اشیاء چھیننے میں ملوث تھے۔



