پاکستانتازہ ترین

پی ٹی آئی کا 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیوں کا اعلان، بیرسٹر گوہر نے لائحہ عمل بتا دیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کر دیا۔ فیصلہ پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کا اعلان چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کیا۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ایک مخصوص ایجنڈے کے علاوہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں منعقد کی جائیں گی۔

5 اگست کی اہمیت کیا ہے؟

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 5 اگست 2023 وہ دن ہے جب بانی پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں عدالت کی جانب سے تین سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مسلسل قید کی مذمت کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ بھی دہرایا۔

عدالتی مقدمات پر بھی اظہار تشویش

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی نے مختلف مقدمات میں عدالتوں سے رجوع کر رکھا ہے، تاہم اب تک اپیلوں پر فیصلے سامنے نہیں آئے، جس پر پارلیمانی پارٹی نے تشویش کا اظہار کیا۔

سیاسی کمیٹی اور اپوزیشن اتحاد کریں گے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان

بیرسٹر گوہر کے مطابق پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی اور اپوزیشن اتحاد مشترکہ طور پر آئندہ کے احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 5 اگست کا احتجاج ماضی کے مظاہروں سے مختلف نوعیت کا ہوگا، تاہم اس کی مکمل تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔

پی ٹی آئی قیادت کے مطابق احتجاجی ریلیوں کا مقصد پارٹی کا سیاسی مؤقف عوام کے سامنے رکھنا اور بانی پارٹی کی رہائی کے مطالبے کو مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button