پاکستانتازہ ترین

پنجاب کے طلبہ کے لیے بڑا اعلان، ایک لاکھ لیپ ٹاپ، مزید 50 ہزار ہونہار اسکالرشپس اور 300 نواز شریف اسکول آف ایمیننس قائم ہوں گے

لاہور (سلمان حسین): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلبہ کے لیے بڑے تعلیمی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر کے طلبہ کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ اور مزید 50 ہزار ہونہار اسکالرشپس دی جائیں گی، جبکہ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے 40 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

تحصیل عارف والا میں ساہیوال ڈویژن کے لیے 10 نواز شریف اسکول آف ایمیننس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں جدید، معیاری اور یکساں تعلیمی نظام کے فروغ کے لیے 300 نواز شریف اسکول آف ایمیننس قائم کیے جائیں گے۔

سرکاری اسکولوں کی اپ گریڈیشن کے لیے 40 ارب روپے

اپنی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے اعلان کیا کہ سرکاری اسکولوں میں باتھ رومز، فرنیچر، اضافی کلاس رومز، کمپیوٹر لیبز، آئی ٹی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) اور STEAM Labs کے قیام کے لیے 40 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر بچے کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

‘وسائل کی کمی تعلیم میں رکاوٹ نہیں بننے دیں گے’

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ذہین بچے صرف وسائل کی کمی کی وجہ سے اپنے خواب پورے نہیں کر پاتے، لیکن اب حکومت یہ ذمہ داری خود اٹھائے گی۔

انہوں نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا:

"آپ صرف دل لگا کر پڑھیں، وسائل آپ کی ماں مریم نواز فراہم کرے گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ ڈگری مکمل کرنے والے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان قرضے بھی دیے جائیں گے تاکہ ہر نوجوان روزگار پیدا کرنے والا بن سکے۔

ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس بھی دی جائیں گی

مریم نواز نے اعلان کیا کہ پنجاب کے طلبہ کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ لڑکوں سے صرف 15 ہزار روپے ڈاؤن پیمنٹ لی جائے گی جبکہ طالبات سے کوئی ڈاؤن پیمنٹ وصول نہیں کی جائے گی۔

10 ہزار سرکاری اسکول اپ گریڈ، 300 ایمیننس اسکولز کا ہدف

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں 49 ہزار سرکاری اسکول موجود ہیں، جن میں سے 10 ہزار اسکول اپ گریڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ 300 نواز شریف اسکول آف ایمیننس قائم کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اسکولوں میں مزدور کے بچے اور اعلیٰ سرکاری افسران کے بچے ایک ہی معیار کی تعلیم حاصل کریں گے، جس سے طبقاتی فرق کم ہوگا۔

جنوبی پنجاب میں مفت دودھ اور بسکٹ سے داخلوں میں اضافہ

مریم نواز نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے دوروں کے دوران معلوم ہوا کہ بہت سے بچے ناشتہ کیے بغیر اسکول آتے ہیں، جس کی وجہ سے بعض اوقات بے ہوش بھی ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے 12 لاکھ طلبہ کو دودھ اور بسکٹ فراہم کیے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں 25 لاکھ نئے طلبہ نے اسکولوں میں داخلہ لیا ہے۔

مزید اضلاع میں الیکٹرو بس سروس کا آغاز

وزیراعلیٰ نے لیہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، چنیوٹ اور مری میں الیکٹرو بس سروس کا ڈیجیٹل افتتاح بھی کیا اور کہا کہ اگست کے آخر تک پنجاب میں 1100 الیکٹرک بسیں فعال کر دی جائیں گی، جبکہ آئندہ پانچ برسوں میں 5 ہزار الیکٹرو بسیں چلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ناقص میٹریل کے استعمال پر رپورٹ طلب

دریں اثنا وزیراعلیٰ نے بیوٹیفکیشن منصوبوں میں مبینہ ناقص میٹریل کے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کے دوران بازار کی کنوپی گرنے کے واقعے پر بھی انہوں نے فوری تحقیقات کا حکم دیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button