پشاور (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کابینہ کے نئے ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ گورنر ہائوس پشاور میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے صوبائی کابینہ کے نئے اراکین سے حلف لیا۔
دوسری جانب جبکہ پی ٹی آئی رہنمائوں کی جانب سے شکوہ بھی سامنے آیا ہے۔ کابینہ میں توسیع پر سابق گورنر کے پی اور پی ٹی آئی رہنما شاہ فرمان نے کہا کہ نئے کابینہ ممبران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کی انٹرنل اکائونٹیبلیٹی کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے کابینہ سے متعلق کسی نے نہیں پوچھا اور نہ ہی میں نے کابینہ میں کسی کو شامل کرنے کی تجویز دی۔ پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر نیک محمد کا کہنا تھا کہ کابینہ میں نئے لوگوں کو میرٹ پر شامل نہیں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ہمارا فون تک اٹھانے کو تیار نہیں، ہم وزارت مانگنے کیلئے تو کال نہیں کرتے۔ نیک محمد نے کہا کہ کابینہ میں ایم این ایز کے بھائیوں کو شامل کیا گیا، جنوبی اور شمالی وزیر ستان سے کابینہ میں کسی کو شامل نہیں کیا گیا جبکہ کابینہ میں بنوں کی نمائندگی بھی نہیں ہے۔
قبل ازیں صوبائی حکومت کی جانب سے 6نئے وزرا ، 4مشیر اور 8معاونین خصوصی کو صوبائی کابینہ میں شامل کیا گیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے نئے ارکان سے عہدوں کا حلف لے لیا۔



