لاہور(بیورو چیف/سید ظہیر نقوی) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، باہمی احترام اور دیرینہ تعاون کی روشن مثال ہے، جبکہ دونوں ممالک کی شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں تین روزہ تصویری نمائش کا افتتاح اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور چین کے قونصل جنرل سن یان نے مشترکہ طور پر کیا۔
75 سالہ سفارتی تعلقات کی یادگار تصویری نمائش
نمائش میں پاک چین دوستی، تاریخی تعلقات، سفارتی روابط اور مشترکہ ترقی کے سفر کو نادر تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا، جنہیں شرکاء نے دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی مؤثر عکاسی قرار دیا۔
تقریب میں صدر ینگ پارلیمنٹرینز فورم آمنہ حسن شیخ، چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
نوجوان نسل کو تعلقات کی تاریخ سے آگاہ کرنا ضروری ہے
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ایسی تصویری نمائشیں نوجوان نسل کو پاک چین تعلقات کی تاریخ، مشترکہ کامیابیوں اور باہمی تعاون سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط شراکت داری نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہے۔
چینی قونصل جنرل کا اظہار خیال
چین کے قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط، ثقافتی تبادلے اور باہمی تعاون مستقبل میں اس تاریخی دوستی کو مزید مستحکم کریں گے۔
طلبہ کی گہری دلچسپی
تقریب کے دوران مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں کے طلبہ نے تصویری نمائش کا دورہ کیا اور پاک چین تعلقات کی تاریخ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے نمائش میں پیش کی گئی نادر تصاویر کو دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی اور مضبوط تعلقات کی بہترین عکاسی قرار دیا۔



