انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

وزیراعظم شہباز شریف 4 روزہ دورے پر چین پہنچ گئے، اہم ایم او یوز پر دستخط

ہانگژو / اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے جہاں انہوں نے پاک چین اقتصادی تعاون، سی پیک فیز ٹو، ڈیجیٹل معیشت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اہم معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف ہفتہ کو چین کے شہر ہانگژو پہنچے جہاں ژجیانگ صوبے کے نائب گورنر شو وینگوانگ، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔

ژجیانگ صوبے میں اہم ایم او یوز پر دستخط

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران ژجیانگ صوبے میں پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

ایک معاہدہ ژجیانگ صوبے اور پنجاب کے درمیان “سسٹر پروونس” تعلقات کے قیام سے متعلق تھا، جس کے تحت تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کو فروغ دیا جائے گا۔

اسی طرح ہانگژو نارمل یونیورسٹی اور بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے درمیان چین پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کے قیام کی دستاویز پر بھی دستخط کیے گئے۔ اس مرکز کا مقصد تعلیمی تعاون، جدید تحقیق، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور دونوں ممالک کے اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہے۔

سی پیک فیز ٹو میں تعاون مزید بڑھانے پر زور

وزیراعظم نے ہانگژو میں بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی سطح پر تعاون پاک چین تعلقات کا اہم ستون ہے، جو سی پیک فیز ٹو کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، زرعی جدیدکاری، قابل تجدید توانائی اور جدید صنعتکاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

شہباز شریف نے ژجیانگ صوبے کی ترقیاتی منصوبہ بندی کو سراہتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ کی قیادت کی تعریف کی اور ماحول دوست ترقی کے وژن کو قابل تقلید قرار دیا۔

پاکستان اور چین تعلقات نئے دور میں داخل

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور دونوں ممالک عوام دوست اور ترقیاتی تعاون کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے اور دونوں ممالک خطے میں معاشی ترقی اور استحکام کیلئے مشترکہ کردار ادا کر رہے ہیں۔

پاکستان اور برطانیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

چین روانگی سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور برطانوی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر جوناتھن پاول کے درمیان اہم ملاقات بھی ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری اور سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا جبکہ برطانیہ نے پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے اور معاشی استحکام کیلئے حکومتی اقدامات میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ برطانیہ یورپ میں پاکستان کا اہم ترین اقتصادی شراکت دار ہے جبکہ 200 سے زائد برطانوی کمپنیاں پاکستان میں فعال ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ برطانوی سرمایہ کاری 910 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ دوطرفہ تجارت 6 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button