پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

لاہور میں بارش کے بعد فیروزپور روڈ کا حصہ بیٹھ گیا، 3 موٹر سائیکلیں گڑھے میں جا گریں

لاہور(بیوروچیف/سید ظہیر نقو) مون سون کی حالیہ بارش نے لاہور میں سڑکوں کی حالت ایک بار پھر نمایاں کر دی۔ فیروزپور روڈ کی سروس روڈ پر نشتر سگنل سے ایوانِ اکبری کی جانب، میزان بینک کے سامنے بارش کے باعث سروس روڈ کا ایک حصہ اچانک بیٹھ گیا، جس کے نتیجے میں وہاں کھڑی تین موٹر سائیکلیں گڑھے میں جا گریں۔

خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم سڑک دھنسنے سے علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اور شہریوں میں تشویش پائی گئی۔

ٹریفک پولیس نے فوری کارروائی کی

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ اہلکاروں نے متاثرہ مقام کو حفاظتی رکاوٹیں لگا کر محفوظ بنایا اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے فوری اقدامات کیے تاکہ مزید کسی حادثے سے بچا جا سکے۔

سی ٹی او لاہور کا نوٹس، تکنیکی رپورٹ طلب

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک روڈ انجینئر فسی شاہ کو ہدایت جاری کی کہ متاثرہ مقام کا فوری تکنیکی معائنہ کرکے تفصیلی رپورٹ متعلقہ محکموں کو بھجوائی جائے، تاکہ سڑک کی جلد از جلد مرمت اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

شہریوں کا معیاری تعمیرات کا مطالبہ

واقعے کے بعد شہریوں نے سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے معیار پر سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار ادارے نہ صرف متاثرہ مقام کی فوری بحالی کو یقینی بنائیں بلکہ ناقص تعمیرات کی تحقیقات بھی کریں، تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button