معاہدے کا اعلان آج: امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز کا دعویٰ

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ اور ایران کے درمیان تمام محاذوں پر جاری لڑائی کے خاتمے کے لیے امن معاہدے کو حتمی شکل دینے کا اعلان آج اتوار کو متوقع ہے۔
امریکی اخبار دی واشنگٹن ٹائمز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ کی صبح معاہدے کے مسودے پر اتفاق ہو گیا تھا اور اس کا 24گھنٹوں کے اندر اعلان کیا جا سکتا ہے۔
اخبار کے مطابق مذاکرات کاروں جن میں ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر شامل ہیں، نے اس مسودے کی منظوری دے دی ہے اور امن معاہدے کے مسودے کو حتمی منظوری کے لیے دونوں ممالک کی قیادت کو بھیج دیا گیا ہے۔
اگر یہ معاہدہ کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ گزشتہ 6ہفتے سے جاری جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کر سکتا ہے، اگرچہ صدر ٹرمپ اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ نئے حملوں کا امکان بھی موجود رہ سکتا ہے۔
اخبار کے مطابق ممکنہ جنگ بندی معاہدے کی تفصیلات تاحال واضح نہیں ہیں۔ یہ بھی غیر واضح ہے کہ اہم اختلافی نکات، بشمول ایران کے جوہری پروگرام کا مستقبل اور پابندیوں میں نرمی کے مطالبات، کس طرح حل کیے جائیں گے۔ دونوں فریقین کو آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے طریقہ کار پر بھی اتفاق کرنا ہوگا۔



