گرمی اور حبس میں بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ ، شہری پریشان
شہری علاقوں میں5 سے6 گھنٹے، دیہی میں 8 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ریکارڈ ،ٹرانسفارمر خرابی والے علاقوں میں بھی گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا

لاہور:(بیوروچیف/سید ظہیر نقوی)لاہور،پشاور ،کراچی، کوئٹہ سمیت ملک کے کئی شہروں میں گرمی اور حبس میں بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے،شہری علاقوں میں پانچ سے چھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں آٹھ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ریکارڈ کی گئی جبکہ بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہو گئے ۔
لاہورکے علاقوں اقبال ٹائون،راج گڑھ،ٹھوکرنیازبیگ،گلشن راوی،نوناریاں چوک،ساندہ،سوڈیوال،ہنجروال،شادباغ،اچھرہ ،ٹائون شپ سمیت کئی پوش علاقوں میں بھی گھنٹوں بجلی غائب رہتی ہے جس کی وجہ سے بچوں،بزرگوں اور مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے اوقات میں سولر کے باعث لیسکو سے بجلی کی طلب کم جبکہ رات کے اوقات میں بجلی کی طلب بڑھ جاتی ہےرات کے اوقات میں لیسکو کے نظام پر بجلی کی طلب بڑھنے سے بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔
رات کے اوقات میں دو گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔بجلی کی طلب شام اور رات کے اوقات میں اوسط5400میگاواٹ تک پہنچ رہی ہےجبکہ بجلی کی رسد اوسط 4900میگاواٹ تک ہے بجلی کا شارٹ فال شام اور رات کے اوقات میں اوسط پانچ سو میگاواٹ تک ہے۔
ٹرانسفارمر خرابی والے علاقوں میں بھی گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول بن گیا انفرادی مسائل کا حل عدم توجہی کا شکار ہیں۔



