لاہور(سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جولائی، اگست اور ستمبر کے دوران شدید گرمی، ہیٹ ویو، مون سون بارشوں اور اربن فلڈنگ کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اب ایک حقیقت ہے، اس لیے بروقت تیاری اور مؤثر حکمت عملی ناگزیر ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بعض شہروں میں درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ ہے جبکہ کئی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
پنجاب کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پلان 2026 پیش
وزیراعلیٰ مریم نواز اور وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کے درمیان اہم ملاقات میں پنجاب کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس پلان 2026 پیش کیا گیا۔ اجلاس میں سینئر وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، چیئرمین این ڈی ایم اے، ایس ایم بی آر اور پی ڈی ایم اے کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں وفاق اور پنجاب کے درمیان شدید موسمیاتی حالات کی بروقت پیشگوئی کے لیے ارلی وارننگ سسٹم قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ صوبے بھر کے اضلاع میں سینٹرلائزڈ انفارمیشن اسکرینز نصب کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
مون سون اور سیلاب سے نمٹنے کے لیے فرضی مشقوں کا حکم
وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کو این ڈی ایم اے کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھنے اور مون سون سیزن سے قبل فوری طور پر فرضی مشقیں (Mock Drills) شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شدید موسمی واقعے سے کم از کم چھ گھنٹے قبل متعلقہ اداروں کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے کنٹرولڈ ٹورازم، ہیٹ ویو زونز کے لیے جامع ایڈوائزری اور بارشوں سے متعلق بروقت معلومات عوام تک پہنچانے کی بھی ہدایت کی۔
ہر ضلع میں واسا اور جدید مشینری فراہم کر دی گئی
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اربوں روپے کی لاگت سے واٹر اسٹوریج کی گنجائش میں اضافہ کیا ہے جبکہ واسا اور ویسٹ مینجمنٹ کا نظام لاہور تک محدود نہیں رہا بلکہ اب پنجاب کے ہر ضلع تک پھیلا دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے اربن فلڈنگ کے دوران بڑے شہروں سے مشینری بھیجی جاتی تھی، تاہم اب ہر ضلع کو جدید مشینری اور اپنا آپریشنل فلیٹ فراہم کر دیا گیا ہے۔
جدید ریسکیو ڈرونز اور تین سالہ منصوبہ
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے جدید واٹر ریسکیو ڈرونز خرید لیے ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے شارٹ ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں۔
حکام کے مطابق پنجاب حکومت نے آئندہ تین برس کے لیے جامع کلائمیٹ اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان بھی تیار کر لیا ہے۔
حساس اضلاع میں ہیٹ ویو اور سیلاب کا خدشہ
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب، ملتان، ڈی جی خان، سرگودھا اور منڈی بہاؤالدین ہیٹ ویو سے زیادہ متاثر ہونے والے اضلاع میں شامل ہیں۔ شمالی علاقوں میں شدید بارشوں اور برف پگھلنے کے باعث سیلاب کا خدشہ موجود ہے جبکہ کوہ سلیمان رینج اور رودکوہی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا امکان بھی ظاہر کیا گیا۔
حکام نے خبردار کیا کہ غیر معمولی بارشیں، کلاؤڈ برسٹ اور دریاؤں میں طغیانی بعض علاقوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے تمام حساس اضلاع کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
مادر ملت فاطمہ جناح کو خراجِ عقیدت
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مادر ملت فاطمہ جناح کی 59ویں برسی پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر بہن اور بیٹی کے لیے رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے لیے فاطمہ جناح کی قربانیاں، استقامت اور جذبۂ خدمت ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔



