پی آئی اے کے بیڑے میں 16 نئے طیارے شامل کرنے کی تیاری، حکومت اور بوئنگ کے درمیان اہم پیش رفت
واشنگٹن(ویب ڈیسک )پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے بیڑے کی توسیع کے لیے حکومت پاکستان اور بوئنگ کمپنی کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ دونوں فریقوں نے پی آئی اے کے لیے 16 نئے طیاروں کی خریداری کے معاملے پر جلد معاہدہ حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واشنگٹن میں بوئنگ کمپنی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بوئنگ گلوبل کے صدر برینڈن نیلسن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کا وفد بھی ان کے ہمراہ موجود تھا۔
16 نئے طیاروں کی خریداری پر تفصیلی بات چیت
ملاقات میں پی آئی اے کے لیے 16 جدید طیاروں کی خریداری کے مختلف آپشنز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بہترین مالی اور تکنیکی شرائط پر مشتمل ڈیل کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے تاکہ قومی ایئرلائن کے بیڑے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔
محسن نقوی نے بوئنگ کے تعاون کو سراہا
وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی آئی اے کے لیے نئے طیاروں کی جلد خریداری میں تعاون کی یقین دہانی پر بوئنگ گلوبل کے صدر برینڈن نیلسن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے طیارہ سازی کی عالمی صنعت میں بوئنگ کمپنی کے کلیدی کردار کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔
پی آئی اے کی بحالی کی جانب اہم قدم
16 نئے طیاروں کی خریداری کا منصوبہ قومی ایئرلائن کے بیڑے میں اضافے، آپریشنل استعداد بہتر بنانے اور بین الاقوامی فضائی روٹس پر خدمات کو مزید مؤثر بنانے کی حکومتی کوششوں کا اہم حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔



