لاہور:(بیوروچیف )وزیراعظم شہباز شریف نے رائیونڈ میں مسلم لیگ (ن)کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں قیام کے دوران جاتی امرا میں پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
ملاقات میں ملک کی مجموعی اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر کشمیر کی صورتحال اور کشمیر الیکشن پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور پیپلز پارٹی کے ساتھ حالیہ بیان بازی پر بھی گفتگو ہوئی۔نواز شریف نے کہا سیاست میں شائستگی ضروری ہے اور تلخیوں سے بچنا چاہیے، سیاست میں اختلاف نظریات کا ہونا چاہیے، اسے ذاتی انا نہیں بنانا چاہیے۔
سابق وزیراعظم نے کہا جمہوریت ہی بہترین نظام حکومت ہے اور حکمرانی کا حق صرف عوام کو ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور اتحادیوں کے تحفظات ہمیشہ دور کیے ہیں۔انہوں نے کہا مسائل بات چیت سے حل ہوتے ہیں، فتنہ الخواج کے خلاف کارروائیاں کامیابی سے جاری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے حمزہ شہباز کے ہمراہ سابق رکن پنجاب اسمبلی ماجد ظہور کی رہائشگاہ پر جا کر ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے مرحومہ کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر حمزہ شہباز نے بھی ماجد ظہور سمیت اہلِ خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ کو ٹیلیفون کرکے ان کے والد،رکن قومی اسمبلی ملک اقبال چنڑ کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نے مرحوم کی سیاسی و عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال چنڑ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک مخلص، وفادار اور متحرک رہنما تھے۔وزیراعظم نے دعا کی کہ اﷲ تعالی مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر و حوصلے کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز لاہور پہنچے تھے۔



