سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ، پاکستان میں برفانی پہاڑ اور سنہری ریت کا حیرت انگیزشاہکار
گلگت بلتستان کا سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ دنیا کے بلند ترین سرد صحراؤں میں شامل، سیاحوں کے لیے جنت

لاہور: (میاں محمد کاشف/وی لاگر/ڈیجیٹل کرئیٹر): گلگت بلتستان کے ضلع سکردو کے قریب واقع سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ پاکستان کے منفرد اور دلکش قدرتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔

یہ صحرا دنیا کے بلند ترین سرد صحراؤں میں سے ایک ہے، جہاں سنہری ریت کے ٹیلے برف سے ڈھکے بلند و بالا پہاڑوں کے حسین پس منظر کے ساتھ ایک دل موہ لینے والا منظر پیش کرتے ہیں۔

یہ صحرا سطح سمندر سے تقریباً 7,500 سے 8,000 فٹ کی بلندی پر واقع ہے اور سکردو شہر سے تقریباً 20 سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔

یہاں گرمیوں میں معتدل موسم جبکہ سردیوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کئی درجے نیچے چلا جاتا ہے، جس کی وجہ سے یہ صحرا دنیا کے دیگر صحراؤں سے بالکل مختلف نظر آتا ہے۔
یہ بھی جانیئے
ست پارہ جھیل،سی این این اردوڈاٹ کام بلتستان کا نیلگوں خزانہ سامنے لے آیا
سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ میں ہر سال ہزاروں ملکی اور غیر ملکی سیاح آتے ہیں۔ یہاں جیپ سفاری، ریت پر ڈرائیونگ، کیمپنگ، فوٹوگرافی، پیرا گلائیڈنگ اور اونٹ کی سواری جیسی سرگرمیاں سیاحوں کی خصوصی توجہ کا مرکز بنتی ہیں۔
اس بارے بھی جانئیے
سکردو کا عجوبہ کٹپانہ،سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ، ریت اور برف ایک ساتھ جلوہ گر ،جادو یاقدرت کا کرشمہ ؟
قدرتی حسن، خاموش ماحول اور برف پوش چوٹیوں کے درمیان پھیلی سنہری ریت سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ کو پاکستان کی سیاحت کا ایک منفرد مقام بناتی ہے۔

ماہرین سیاحت کے مطابق اگر یہاں بنیادی سہولیات، سڑکوں، رہائش اور بین الاقوامی سطح پر تشہیر پر مزید توجہ دی جائے تو یہ مقام پاکستان کے لیے سیاحت سے قیمتی زرمبادلہ کمانے کا اہم ذریعہ بن سکتا ہے۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ کا دلکش منظر انہیں دنیا کے کسی بھی معروف سیاحتی مقام سے کم محسوس نہیں ہوتا اور یہ علاقہ پاکستان کے قدرتی حسن کی بہترین مثال ہے۔

مزید براں سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ میں جیپ ریلی کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے ،سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کی سیاحت کے فروغ میں اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ سیاحت حکومت گلگت۔بلتستان کی جانب سے میلے کا انعقاد کیا جاتا ہے جس میں نہ صرف پاکستانی ڈرائیور شرکت کرتے ہیں بلکہ بین الاقوامی شہرت کے حامل ڈرائیورز کو بھی ریس میں مقابلے کے لئے مدعو کیا جاتا ہے۔
ریس کے ساتھ ساتھ علاقے کے رنگا رنگ ثقافتی شوز اور روایتی کھانے پینے کی اشیاء کی نمائش اس میلے کا اہم حصہ ہوتے ہیں سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کے کامیاب انعقاد اور اس میلے کی پائیداری تب ہی ممکن ہے جب حکومتی اداروں کے ساتھ علاقے میں کام کرنے والے دیگر غیر سرکاری ادارے، مالیاتی ادارے اور سب سے بڑھ کر عوام اور عوامی حلقے حکومت کا ساتھ دیں۔

سال 2017ء میں منعقد ہونے والی سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی نہ صرف پاکستان بلکہ پورے دنیا میں مشہور ہوئی اور دوسرے ہی سال میں یہ پاکستان کی دوسری بڑی ریلی بن گئی ۔
سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی 2017ء اور 2018ء کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان اور گلگت۔بلتستان دنیا کے سیاحتی نقشے پر ایک منفرد سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر ہوا اور اس میلے کے انعقاد کی وجہ سے ہی بلتستان ریجن کی خوبصورت، رنگا رنگ اور جداگانہ ثقافت کی پوری دنیا میں تشہیر ہوگئی نیز ملک اور علاقے کا روشن چہرہ پوری دنیا کے سامنے روشناس ہوا۔
یہاں پر اس امر کو بھی اجاگر کرنا انتہائی لازمی ہے کہ 2017ء اور 2018ء میں سرفرنگا کولڈ ڈیزرٹ ریلی کے انعقاد کے حوالے سے حکومتی خزانے سے کم سے کم فنڈز لئے گئے جبکہ اس میلے کے اکثر اخراجات پرائیویٹ اداروں اور کمپنیوں کی مالی معاونت کے ذریعے پورے کئے گئے جو کہ بالعموم گلگت۔بلتستان اور بالالخصوص بلتستان ریجن میں کام کرنے والے تمام نجی اداروں کی بھی کامیابی تھی۔



