پاکستانتازہ ترینعلاقائی خبریں

 اپوزیشن  کا اجلاس،عمران کی صحت پر نو کمپرومائز،27ستمبر کا احتجاج برقرار،رابطے تیزکرنے پر اتفاق

 حکومت نے عمران خان کی صحت کے معاملے پر ڈرامہ رچایا ہے، اعلامیہ جاری

اسلام آباد:(ویب ڈیسک ) اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہوا۔
 اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان، پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد، پارلیمانی امور اور اپوزیشن کی آئندہ سیاسی و عوامی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں عمران خان کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی صحت اور علاج کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔
 اعلامیے میں حکومت پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے عمران خان کی صحت کے معاملے پر ڈرامہ رچایا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر بھی اجلاس میں شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
 اپوزیشن ارکان نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرکے حکومت توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس معاملے پر آج سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا اور آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔
اجلاس میں 27 ستمبر کو پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کا فیصلہ برقرار رکھنے کا اعلان کیا گیا۔ 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کرتے ہوئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے پنجاب سمیت ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور سیاسی سرگرمیوں کو مزید منظم اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔اجلاس میں آئین، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور پارلیمانی اصولوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
 اپوزیشن جماعتوں نے باہمی مشاورت، اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آئندہ تمام اہم سیاسی و پارلیمانی فیصلے کرنے پر بھی اتفاق کیا۔مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام کی بھرپور تائید کرتے ہوئے اسے مزید فعال، منظم اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔
 مولانا فضل الرحمن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی گرینڈ اپوزیشن الائنس میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ وسیع تر اپوزیشن اتحاد سے پارلیمان اور عوام میں اپوزیشن کی آواز مزید مضبوط اور توانا ہوگی۔
اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کی آئندہ سیاسی، پارلیمانی اور عوامی حکمت عملی پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی اور باہمی رابطوں و مشاورت کا سلسلہ مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button