پاکستانتازہ ترین

جمہوریہ کانگو کے دفاعی وفد کی سربراہ پاک فضائیہ سے ملاقات

اسلام آباد (ویب ڈیسک) جمہوریہ کانگو کے اعلیٰ سطح کے دفاعی وفد نے چیف آف ڈیفنس فورسز لیفٹیننٹ جنرل بانزا مویلَمبو جولز کی سربراہی میں ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان و جمہوریہ کانگو کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے مسلح افواج کے درمیان باہمی روابط، تربیت اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

پاک فضائیہ کی دفاعی صلاحیتوں پر بریفنگ

سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی مقامی سطح پر حاصل کردہ دفاعی صلاحیتوں اور دفاعی شعبے میں خود انحصاری کے حصول کے لیے جاری کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران جمہوریہ کانگو کے چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، اعلیٰ آپریشنل تیاری اور تربیت کے بلند معیار کو سراہا۔

انہوں نے پاک فضائیہ کی مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کے حصول میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے خود انحصاری اور مقامی دفاعی پیداوار کے میدان میں پاک فضائیہ کی نمایاں پیش رفت کو بھی سراہا۔

کانگو کی فضائیہ کی جدید خطوط پر تشکیل

جمہوریہ کانگو کے چیف آف ڈیفنس فورسز نے اپنی فضائیہ کی ازسرنو تشکیل اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے کانگو کی فضائیہ کی استعداد کار بڑھانے کے لیے پاک فضائیہ کے وسیع پیشہ ورانہ تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہش کا بھی اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے دفاعی شعبے میں تعاون، تربیتی روابط اور پیشہ ورانہ تجربات کے تبادلے کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا۔

یہ دورہ پاکستان اور جمہوریہ کانگو کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور دیرپا ادارہ جاتی روابط کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، جو علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button