پاکستانتازہ ترین

معرکہ حق کی فتح کا سال مکمل ہونے پر جی ایچ کیو میں کل پر وقار تقریب: ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کو تیار :فیلڈ مارشل، سروسز چیفس کی قوم، افواج کو دلی مبارکباد

راولپنڈی، اسلام آباد (ویب ڈیسک) معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں آج تقریب منعقد ہوگی۔ مہمان خصوصی آرمی چیف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہوں گے۔
سربراہ پاک فضائیہ ایئرمارشل ظہیر بابر سدھو، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔ فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر رکھیں گے۔ تقریب میں تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے سلامی پیش کریں گے۔ فیلڈ مارشل تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
دوسری جانب معرکہ حق کی کامیابی کے پہلے سال کے پُرمسرت اور تاریخی موقع پر، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ایئر سٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کی جانب سے پوری قوم اور افواجِ پاکستان کے تمام افسروں و جوانوں کو دلی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
اس حوالے سے جاری ہونے والے بیان میں آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قومی یکجہتی، احترام اور تشکر کے ساتھ منایا جانے والا یہ اہم دن پیشہ ورانہ مہارت، ہمت اور اتحاد کے پائیدار جذبے کا ثبوت ہے۔ مسلح افواج ہمیشہ پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور قوم سے لازوال رشتے کو جذبہ خدمت کے ساتھ فخر سے نبھا رہی ہیں۔
معرکہ حق قوم کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل بن گیا ہے، جو قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کی عکاسی کرتا ہے۔ معرکہ حق کی کامیابی نے نہ صرف قومی اعتماد کو مضبوط کیا بلکہ پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر بھی اُجاگر کیا، جو موثر دفاعی صلاحیتوں کا حامل ہے۔
معرکہ حق کے دوران پاکستان کے پُرعزم اور موثر ردِعمل نے دشمن کی سازشوں، فالس فلیگ کے جھوٹے بیانیے اور گمراہ کن پراپیگنڈے کو بے نقاب کیا، جس کے نتیجے میں دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی اٹھانا پڑی۔ پراکسی دہشتگردی سمیت روایتی اور ہائبرڈ چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود، مسلح افواج نے زمینی، فضائی، بحری، سائبر اور معلوماتی ڈومینز میں اعلیٰ آپریشنل صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ معرکہ حق کے بعد، پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرتے مکمل سپیکٹرم ڈیٹرنس کو تقویت دی ہے۔
معرکہ حق میں کامیابی مسلح افواج کی تیاری، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت ہے، جس نے مسلح افواج پر عوام کے اعتماد کو فیصلہ کن طور پر مضبوط کیا۔ معرکہ حق کی کامیابی کا پہلا سال اس امر کی توثیق کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور اپنی خود مختاری کے تحفظ کے لیے پُرعزم اور ثابت قدم ہے۔
پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف بامعنی مذاکرات، باہمی احترام اور بین الاقوامی قانون اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ، مسلح افواج پاکستان کی سلامتی، استحکام اور علاقائی سالمیت کو یقینی بناتے ہوئے تمام اندرونی اور بیرونی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مستعد اور پوری طرح تیار ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button