مبینہ پولیس مقابلوں میں 3ڈاکو ہلاک، ساتھی فرار
لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں ملزم عامر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک،بورے والا کے نواحی گاؤں میں2ڈاکو مارے گئے،چار بھاگ نکلے
لاہور:( بیوروچیف)تھانہ شیخ فاضل کی حدود میں گاؤں 429 ای بی میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق6 مسلح ڈاکو واردات کی نیت سے گاؤں میں داخل ہوئے تھے،مکینوں نے مشکوک افراد کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی۔
ڈاکو گنے کی فصل میں جا چھپے جہاں پولیس سے ان کا مقابلہ ہوا، شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور فائرنگ رکنے پر معلوم ہوا کہ 2ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے ہیں جن کی شناخت ارشد اور امجد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس نے لاشیں ہسپتال منتقل کر کے مفرور ملزموں کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ادھر لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔سی سی ڈی ٹیم ملزم عامر کو ریکوری کیلئے لے جارہی تھی کہ اس کے ساتھیوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
ملزم عامر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر مارا گیا۔ پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر کے مفرور ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔



