انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

ٹیکس محصولات کے اہداف کا حصول: ٹیکس نیٹ مزید وسیع کیا جائے : شہباز شریف

وزیر اعظم کی ترکمانستان کے صدر سے ملاقات،کراچی اور گوادر کی بندرگاہیں استعمال کرنے کی پیشکش

اشک آباد، اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکمانستان کے مابین تجارتی اور اقتصادی روابط سمیت دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم اور زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے ترکمانستان کو کراچی اور گوادر کی بندر گاہوں کے ذریعے اپنی رسائی کو بڑھانے کی پیشکش کی ہے۔ جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی اشک آباد میں ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے دوطرفہ ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم نے ترکمانستان کی مستقل غیرجانبداری کی 30ویں سالگرہ اور اقوام متحدہ کی جانب سے 2025ء کو امن اور اعتماد کا بین الاقوامی سال قرار دینے پر ترکمان صدر کو مبارکباد دی۔ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئی وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارتی اور اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے رواں برس کے آغاز پر ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستانی شہریوں کو ایران سے بحفاظت نکالنے کے لیے تعاون پر ترکمانستان کی قیادت اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ترکمانستان کے ساتھ زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے روابط بڑھانے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کا جغرافیہ مثالی ہے جسے ترکمانستان جنوبی ایشیا اور اس سے باہر اپنی رسائی کو بڑھانے کے لیے بروئے کار لا سکتا ہے۔ پاکستانی وفد کی شاندار مہمان نوازی پر ترکمانستان کے صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیراعظم نے ترکمانستان کے عوام کے قومی رہنما گربنگولی بردی محمدوف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے ترکمانستان کے عوام کے قومی رہنما اور صدر سردار بردی محمدوف کو آئندہ برسپاکستان کا سرکاری دورے کرنے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔ ترکمانستان کے صدر نے وزیر اعظم کے دورے اور امن و اعتماد کے بین الاقوامی فورم میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکمانستان پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم نے ٹیکس محصولات کے اہداف کے حصول کے لئے ٹیکس نیٹ کو مزید وسعت دینے کی ہدایت کی ہے۔
گزشتہ روز ترکمانستان روانگی سے قبل وزیراعظم کے زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کے امور بارے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹیکس محصولات کے اہداف کے حصول، معیشت کی ڈیجیٹائزیشن اور ٹیکس چوری کے خلاف اقدامات کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کے 11فیصد کے ہدف کے حصول کیلئے کوششیں تیز کی جائیں اور ٹیکس نیٹ کو مزید وسیع کیا جائے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کسٹمز کلیئرنس میں جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی کے استعمال سے کلیئرنس کے دورانیے میں خاطر خواہ کمی کو سراہا اور ہدایت دی کہ درآمدات اور برآمدات کی کسٹمز کلیئرنس کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے غیر قانونی سگریٹ فیکٹریوں کے خلاف موثر کارروائی پر ایف بی آر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پذیرائی کی اور صوبائی حکومتوں کو ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کی ہدایت دی، انہوں نے سیلز ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ ادھر وزیراعظم سے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ( ر) محمد سعید نے ملاقات کی، جس میں واپڈا کے زیر نگرانی جاری ترقیاتی منصوبوں اور ملکی آبی ذخائر میں اضافے سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
چیئرمین واپڈا نے وزیراعظم کو پانی کے ذخائر میں اضافہ، پن بجلی کے منصوبوں کی پیشرفت اور جاری بڑے ڈیموں کی تعمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں واپڈا کے مختلف منصوبوں کے تکنیکی اور انتظامی پہلوئوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے جاری منصوبوں کی رفتار مزید تیز کرنے اور آبی وسائل کے پائیدار استعمال کو یقینی بنانے پر زور دیا، جبکہ چیئرمین واپڈا نے یقین دلایا کہ ادارہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ وزیراعظم سے وزیر دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں وزارت دفاعی پیداوار سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی، اس کے علاوہ ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید برآں وزیراعظم نے مراکش میں دو رہائشی عمارتیں منہدم ہونے کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جس میں کم از کم 19افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔ وزیراعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں مراکش کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button