لاہور (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار ترقی، معاشی خودمختاری اور مضبوط مستقبل کے لیے درآمدات پر انحصار ختم کرکے برآمدات پر مبنی معیشت تشکیل دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، الیکٹرک وہیکلز، گرین انرجی اور صنعتی توسیع ہی ملکی ترقی کا راستہ ہیں۔
لاہور ایکسپو سینٹر میں جدید الیکٹرک وہیکلز اور انرجی پاکستان نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں الیکٹرک وہیکلز کا انقلاب برپا ہو چکا ہے اور پاکستان کو بھی اس تبدیلی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا تاکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کیا جا سکے۔
برآمدات میں اضافہ ہی معاشی خودمختاری کی بنیاد
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو ایسی معیشت کی طرف جانا ہوگا جو ڈالر کمانے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کا انحصار برآمدات میں اضافے، صنعتی ترقی اور نجی شعبے کے فعال کردار پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید معیشت کے تقاضوں کے مطابق مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ عالمی منڈی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
الیکٹرک وہیکلز سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے سولر انرجی کے ذریعے 6 سے 8 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافی بفر پیدا کیا ہے۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ درآمدی تیل پر انحصار کم کرتے ہوئے مقامی سطح پر پیدا ہونے والی بجلی کو ٹرانسپورٹ سیکٹر میں استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے "اڑان پاکستان” پروگرام کے تحت صاف، سستی اور پائیدار توانائی کے فروغ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
ٹیکس چوری کا خاتمہ ضروری قرار
احسن اقبال نے کہا کہ ٹیکس چوری کا خاتمہ اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر شہری اپنی ذمہ داری ادا کرے تو حکومت ترقیاتی منصوبوں پر مزید سرمایہ کاری کر سکتی ہے۔
انہوں نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا کہ وہ ٹیکس چوری کی نشاندہی میں بھی حکومت سے تعاون کریں تاکہ ٹیکس کا بوجھ منصفانہ انداز میں تقسیم کیا جا سکے۔
پاکستان کی معیشت بحالی کی جانب گامزن
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے امن کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور آج دنیا میں ایک امن پسند ملک کے طور پر اپنی شناخت مضبوط کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کے معاشی اقدامات کے باعث ملک کی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔
تیل کی قیمتوں پر حکومت کا مؤقف
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کی خواہش نہیں رکھتی، تاہم عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں مقامی قیمتوں میں ردوبدل ناگزیر ہو جاتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں گے، جس سے خطے میں امن قائم ہوگا اور عالمی معیشت پر دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔



