لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہر مشکل وقت میں حکومت کا عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہی حقیقی گڈ گورننس ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل مون سون بارشوں کے باوجود پنجاب بھر میں نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کے باعث سڑکیں، بازار، گلیاں اور رہائشی علاقے مختصر وقت میں کلیئر کر دیے گئے۔
پنجاب بھر میں نکاسی آب کا نیا ریکارڈ
سرکاری اعلامیے کے مطابق پنجاب میں گزشتہ دس روز سے موسلا دھار مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، تاہم ماضی کے برعکس ہفتوں کے بجائے چند گھنٹوں میں نکاسی آب مکمل کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز خود مختلف اضلاع کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں جبکہ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہ کر آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں۔
لاہور سمیت متعدد شہروں میں فوری کارروائیاں
لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، گجرات، شیخوپورہ، قصور اور چیچہ وطنی سمیت مختلف شہروں میں بارش کے فوری بعد نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا۔
لاہور کے لبرٹی راؤنڈ اباؤٹ، سرکلر روڈ، شیراں والا گیٹ، فاروق گنج، مزنگ چونگی، جین مندر چوک اور لکشمی چوک سمیت مختلف علاقوں میں واسا کی ٹیمیں مسلسل متحرک رہیں اور کسی مقام پر پانی جمع نہیں ہونے دیا گیا، جس کے باعث ٹریفک معمول کے مطابق جاری رہی۔
ایک ہزار سے زائد جدید مشینیں استعمال
وزیراعلیٰ کی نگرانی میں پنجاب کے 41 شہروں میں ایک ہزار سے زائد جدید مشینیں نکاسی آب کے آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام 41 اضلاع کی انتظامیہ کو جدید مشینری فراہم کی گئی ہے، جس سے بارش کے دوران نکاسی آب کا عمل مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔
شہریوں نے انتظامات کو سراہا
شدید بارشوں کے باوجود بروقت نکاسی آب پر شہریوں نے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بارش کے بعد نہ مشینری بروقت پہنچتی تھی اور نہ ہی عملہ نظر آتا تھا، جبکہ اس مرتبہ دونوں فوری طور پر فیلڈ میں موجود رہے۔
مری میں لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی کارروائیاں
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مری کے جھیکا گلی کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ڈپٹی کمشنر مری ظہیر عباس شیرازی کی نگرانی میں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور سکاؤٹس اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ علاقے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے بروقت امدادی کارروائیوں پر متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو شاباش بھی دی۔
مریم نواز کا بیان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ "ہر مشکل وقت میں حکومت کا عوام کے ساتھ ہونا ہی گڈ گورننس ہے۔” انہوں نے مری میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر سخت مانیٹرنگ جاری رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔



